• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملک میں طوفانی بارش سے تباہی، ہلاکتیں 22 ہو گئیں

بلوچستان، خیبرپختون خوا، کشمیر اور پنچاب میں طوفانی بارشوں نے تباہی مچا دی، سیلابی ریلے اور مختلف حادثات کے نتیجے میں 22افراد جاں بحق ہوگئے۔


برساتی نالے بپھرگئے،رابطہ سڑکوں کو شدید نقصان پہنچا، مکران اور ضلع لسبیلہ میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔

اوتھل میں سیلابی ریلے میں بہہ کر 4 افراد جاں بحق ہوگئے جن میں سے 3 کی لاشیں نکال لی گئی ہیں جبکہ ایک اب تک لاپتہ ہے۔

بیلہ کے علاقے گدور میں سیلابی ریلے میں 40 افراد پھنس گئے، امدادی سرگرمیوں میں مقامی انتظامیہ کے ساتھ پاک فوج کے 4 ہیلی کاپٹر بھی شریک ہیں۔

ادھر خیبر پختون خوا میں حالیہ بارشوں اور برف باری کے باعث پیش آنے والے حادثات میں 14افراد جاں بحق اور 13 زخمی ہو گئے، پی ڈی ایم اے نے اس حوالے سے رپورٹ جاری کر دی۔

پی ڈی ایم اے خیبرپختون خوا کے مطابق حالیہ بارشوں اور برف باری کے باعث دیر، شانگلہ، ہنگو اور کوہاٹ میں حادثات رونما ہوئے،جس سے 14افراد جاں بحق اور13 زخمی ہوئے۔

متاثرہ علاقوں میں فوری ریلیف دینے کے لیے متعلقہ اداروں کو ہدایا ت جا ری کر دی گئی ہیں۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے پرویز خان کے مطابق تمام ڈپٹی کمشنرز کو صورت حال پر نظر رکھنے کی ہدایا ت جا ری کی گئی ہیں۔

انہوں نے بتایا ہے کہ برف باری کے باعث چترال اور ایبٹ آباد کی بند شاہراؤں کو کھولنے کے لیے متعلقہ اداروں کا بھاری مشینری کی مدد سے آپریشن جاری ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے پرویز خان کا یہ بھی کہنا ہے کہ پی ڈی ایم اے کا کنٹرول روم فعال ہے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی اطلاع ہیلپ لائن 1700 پر دی جا سکتی ہے۔

تازہ ترین