• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان اور بیلجئیم میں تجارت کیلئیے ایم او یو پر دستخط

ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان اور بیلجئیم کے تینوں ریجنز کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کیلئیےمفاہمت کی یاد داشت پر دستخط ہو گئے۔

دستخط کی یہ تقریب سفیر پاکستان نغمانہ عالمگیر کی رہائش گاہ پر منعقد ہوئی جہاں بیلجئم کے تینوں ریجنز فلاندرز ، والونیا اور برسلز کے نمائندگان آئے تھے ۔

مفاہمت کی اس یادداشت پر TDAP کی طرف سے بیلجئیم لکسمبرگ اور یورپین یونین کیلئیے سفیر پاکستان نغمانہ عالمگیر ہاشمی ، فلاندرز انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ کی جانب سے مسٹر ڈیرک وان سٹیرٹ خیم والونیا ایکسپورٹ اینڈ انویسٹمنٹ ایجینسی کی جانب سے ڈائیریکٹر جنرل مادام شانتل دی بلیو اور برسلز ایجینسی فار بزنس سپورٹ کے ہیڈ آف بزنس یونٹ ایکسپورٹ لارینٹ لیمبرٹس نے دستخط کیئے۔

بعد ازاں شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے سفیر پاکستان نے کہا کہ پاکستان اور بیلجئیم کے درمیان باہمی تجارت میں گذشتہ چند سالوں کے دوران 39 فیصد اضافہ ہوا ہے ۔ یہ معاہدہ ہونے کا ایک طویل عرصے سے انتظار تھا جس کے ذریعے دونوں ملکوں میں تجارت کے مزید امکانات پیدا ہونگے۔

انھوں نے اس معاہدے کو ممکن بنانے کیلئے برسلز میں تعینات اکنامک منسٹر عمر حمید اور کمرشل سیکٹری محمد سلیمان چوہدری کی خدمات کو سراہا۔ دوسری جانب اپنی اپنی گفتگو میں تینوں ریجنز کے نمائندگان نے اس معاہدے کو بارش کا پہلا قطرہ قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ پاکستان میں تجارت کیلئے آسانیاں پیدا کرنے کا ماحول مزید سرمایہ کاری کا سبب بنے گا۔

اس سے نہ صرف پاکستان، یورپ میں اپنی مصنوعات کی جگہ بنا پائے گا بلکہ یورپین تاجروں کی بھی پاکستان تک بہتر رسائی مکن ہو سکے گی۔ اس موقع پر گینٹ میں پاکستان کی اعزازی قونصلر Karin Zoeterاینٹورپن میں پاکستان کے اعزازی قونصلر Luc Meurrens اور PBBF کے بیلجئیم میں نمائندہ Paul Scheynen کے علاوہ کئی مقامی کاروباری تنظیموںاور پاک بینو لکس اوورسیز چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نمائندگان بھی موجود تھے۔

تازہ ترین