• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ایس ایل سیزن فور کے نویں میچ میں پشاور زلمی نے کراچی کنگز کو میچ جیتنے کے لئے 154رنز کا ہدف دیا ہے۔

پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پشاور زلمی کو دوسرے ہی اوور میں اُس وقت پہلا نقصان ہوا، جب کامران اکمل بغیر کھاتہ کھولے عامر یامین کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے، اس وقت ٹیم کا اسکور صرف تین رنز تھا۔

پہلی وکٹ جلد گرنے کے بعد امام الحق اور عمر امین نے اعتماد کے ساتھ پشاور زلمی کے بولرز کا سامنا کیا اور جب اسکور 47 ہوا تو عمر امین 15 رنز بناکر امام الحق کا ساتھ چھوڑ گئے، اُنہیں سکندر رضا نے اسٹمپ آؤٹ کرایا۔

دونوں بیٹسمینوں نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 44رنز بنائے۔

اسی اوور میں سکندر رضا نے میڈسین کو صفر پر کلین بولڈ کرکے پشاور زلمی کو بیک فٹ پر دھکیل دیا۔

اگلے ہی اوور میں نئے آنے والے بیٹسمین کائرون پولارڈ کو عماد وسیم نے صفر پر کلین بولڈ کردیا۔اس طرح صرف 48رنز پر چار ٹاپ آرڈر بیٹسمین پویلین لوٹ گئے۔

امام الحق نے دوسرے اینڈ پر زلمی کے بولرز کیخلاف بھرپور مزاحمت دکھائی اور برق رفتاری کے ساتھ اسکور میں اضافہ کیا، ڈاؤسن نے بھی اُن کا بھرپور ساتھ دیا اور 76 رنز کی شراکت بنائی۔

ڈاؤسن 33 گیندوں پر 43 رنز کی دھواں دار اننگز کھیل عثمان شنواری کا شکار بنے۔

شنواری نے اپنے اسی اوور میں امام الحق کو 56 رنز پر کلین بولڈ کیا۔

وہاب ریاض محمد عامر کی گیند کو گراؤنڈ سے باہر پھینکنے  کی کوشش میں کیچ آؤٹ ہوئے۔ جبکہ حسن علی صرف 2 کے اسکور پر غیرضروری رن لینے کی کوشش میں وکٹ گنوا بیٹھے۔

ڈیرن سیمی نے میچ کی آخری گیند پر چھکا لگا کر ٹیم کا اسکور 153 تک پہنچایا، وہ صرف 10 گیندوں پر 24 رنز کی اننگز کھیل کر ناٹ آؤٹ رہے۔

کراچی کنگز کے عثمان شنواری اور سکندر رضان نے دو، دو جبکہ محمد عام، عامر یامین اور عماد وسیم نے ایک، ایک وکٹ لی۔


کراچی کنگز کی ٹاس جیت کر فیلڈنگ

پاکستان سپر لیگ کے نویں میچ میں کراچی کنگز نے پشاور زلمی کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ہے۔

کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم کا کہنا ہے کہ اوس سے متعلق تھوڑی تشویش ہے، لیکن امید ہے زلمی کو کم اسکور پر آؤٹ کرلیں گے۔

پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی کا اس موقع پر کہنا تھا کہ ہمارے پاس کوالٹی سیمرز ہیں جو حریف ٹیم کے بیٹسمینوں پر دباؤ رکھیں گے، اچھا کھیل کر شائقین کو محظوظ کریں گے لیکن کھیل کے اختتام پر ہماری ٹیم جیتے گی۔

کراچی کنگز نے ٹیم میں دو تبدیلیاں کی ہیں، سہیل خان کی جگہ عامر یامین جبکہ روی بوپارا کی جگہ بین ڈنک کو آج کے میچ میں موقع دیا گیا ہے۔

کراچی کنگز کی ٹیم میں بابر اعظم، لیام لیونگ اسٹون، کولن انگرام، بین ڈنک، محمد رضوان، عامر یامین، سکندر رضا، عماد وسیم، محمد عامر، عمر خان اور عثمان شنواری شامل ہیں۔

پشاور زلمی کی ٹیم کامران اکمل، امام الحق، عمر امین، وین میڈسین، کائرون پولارڈ، لیام ڈاؤسن، ڈیرن سیمی، وہاب ریاض، حسن علی، عمید آصف اور ابتسام شیخ پر مشتمل ہے۔

ایونٹ میں کراچی کنگز اور پشاور زلمی ٹیمیں اب تک دو دو میچز کھیل چکی ہیں، دونوں ٹیموں نے ایک، ایک میچ جیتا ہے جبکہ ایک، ایک میچ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

یوں دونوں کے پوائنٹس کی تعداد 2،2 برابر ہے تاہم رن ریٹ کے اعتبار سے پشاور زلمی دوسرے اور کراچی کنگز پانچویں نمبر پر ہے۔

تازہ ترین