نئی دہلی/لاہور(ایجنسیاں)بھارت نے پاکستان آنیوالے تین دریائوں کا پانی بند کرنے کی دھمکی دی ہے جبکہ پاکستان کے ڈپٹی انڈس کمشنر شیراز میمن کا کہنا ہے کہ بھارت پاکستان کا پانی بند نہیں کر سکتا، اس کے پاس ہمار ے دریا وں میں آنیوالاپانی روکنے یارخ موڑنےکی صلاحیت ہی نہیں ہے اور بھارت کی طرف سے ہمیں پاکستانی دریاؤں کا پانی روکنے کی اطلاع نہیں ہے۔ تفصیلات کے مطابق سفارتی محاذ پر ناکامی کے بعد بوکھلا ہٹ کا شکاربھارت انتہاپسندی کے بعد اب آبی دہشت گردی پر اتر آیااور پاکستان کو آنے والے تین دریاوں کا پانی روکنے کی دھمکی دی ہے۔بھارت کے آبی وسائل کے وزیرنتن گڈکری نے ٹوئٹر پر اعلان کیا کہ نریندر مودی کی قیادت میں ہماری حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ پاکستان کی جانب بہنے والے پانی کو روکیں گے، مشرقی دریاوں سے پانی کا رخ موڑ کر اسے مقبوضہ کشمیر اور پنجاب میں اپنے لوگو ں کو دیں گے۔دریائے راوی پر شاہ پور اور کانڈی پر ڈیم کی تعمیر کا آغاز کر دیا گیا ہے ،نتین گڈکری کا کہنا ہے کہ تمام پروجیکٹس کو قومی قرار دے دیا گیا ہے۔ سارا پانی بھارت میں استعمال کریں گے، پاکستان کو نہیں دیں گے، تین ندیوں کا پانی کشمیرکی جانب موڑا جائے گا،دوسری جانب پاکستان کے ڈپٹی انڈس کمشنر شیراز میمن کا کہنا ہے کہ بھارت پاکستان کا پانی بند نہیں کر سکتا، اس کے پاس ہمار ے دریا وں میں آنیوالاپانی روکنے یارخ موڑنےکی صلاحیت ہی نہیں ہے۔