• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارتی فوج کی سماہنی سیکٹر کے سرحدی علاقوں پر گولہ باری، لوگ گھروں میں محصور

سما ہنی (نمائندہ جنگ) بھارتی فوج کی سما ہنی سیکٹر کے سرحدی علاقوں پر گولہ باری و ہیوی مارٹر شیلنگ، سول آبادی کو نشانہ بنایا گیا۔ کئی گھنٹے سما ہنی سیکٹر گولوں کے دھماکوں سے گھونجتارہا، سول آبادی پر گولہ باری سے متعدد مکانات کو جزوی نقصان پہنچا کنٹرول لائن پر آباد لوگ کئی گھنٹے گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ، سرحدی علاقوں بنڈالہ کہاولیاں،نالی پتنی، چاہی نہالہ اورگاہی سمیت متعدد علاقوں پرکئی گھنٹےشدیدترین گولہ باری،سما ہنی انتظامیہ اور تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال کے عملہ کو کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کے لئے ہائی الرٹ کر دیا گیا، بھارتی فوج کی گولہ باری کے جواب میں پاک فوج کی موثر جوابی کارروائی دشمن کی گنیں خاموش کرا دیں تفصیلات کے مطابق گزشتہ شام بھارتی فوج نے سیز فائر کی خلاف ورزی کرتے ہوئے سما ہنی سیکٹر کے سرحدی علاقوں بنڈالہ کہاولیاں،نالی پتنی ، چاہی نہالہ، گاہی سمیت متعدد علاقوں پر شدید ترین گولہ باری شروع کر دیا۔بھارتی گولہ باری کے جواب میں پاکستانی فوج کی جانب سے بھی بھرپور موثر جوابی کاروائی کی گئی جس کے بعد دشمن کی گنیں خاموش ہو گئیں ۔ بھارت سے کشیدگی کے باعث آزاد کشمیر میں ہنگامی حالت سے نمٹنے کے انتظامات شروع کردئیے گئے، بنکرز کی تعمیر نو جاری ہےاور بلیک آؤٹ کا حکم دے دیا گیا ہے لیکن چکوٹھی میں خطرے کے باوجود زندگی رواں دواں ہے، آزاد کشمیر کے سرحدی گاؤں چکوٹھی میں جمعرات کو بھی اسکولز اور بازار کھلے رہے۔ پلوامہ میں بھارتی فوج پر حملے کے بعد بھارت کی جانب سے بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث لائن آف کنٹرول سے محض 3 کلومیٹر کے فاصلے پر 3 ہزار افراد پر مشتمل اس گاؤں کے رہائشی پریشان ضرور ہیں لیکن ان کی زندگی پہلے کی طرح رواں دواں ہے، اسکول کے بچوں نے روزانہ کی طرح جماعتوں میں شرکت کی اور صارفین کا مارکیٹوں اور بازاروں کے اسٹالز پر رش لگا رہا۔ مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے خود کش دھماکے میں 41 بھارتی فوجیوں کی ہلاکت اور جیش محمد کی جانب سے اس حملے کی ذمہ داری قبول کرنے کے بعد سے پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے۔ کئی مبصرین کو آنے والے دنوں میں بھارت کی جانب سے انتقام کی توقع ہے، پاکستان نے بھارت کی جانب سے حملے کی صورت میں مقابلہ کرنے کا وعدہ کیا ہے۔

تازہ ترین