• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لاہور،باپ نے 2کمسن بیٹیاں چینی باشندوں کو فروخت کردیں ،رشتہ دار سراپا احتجاج

  لاہور (نمائندہ جنگ)باپ نے اپنی کمسن بیٹیوں کوچینی باشندوں کے ہاتھوں مبینہ طور پربیچ دیں جس پررشتہ دار اور علاقہ مکین سراپا احتجاج بن گئے ۔تفصیلات کے مطابق شالیمار کے علاقہ شیلر چوک مائی کمبی والی مسجد کے قریب رہائشی امتیاز اپنی دو بچیوں 13 سالہ عفراء اور 15 سالہ اقصی ٰکی شادی پانچ لاکھ روپے کے عوض 2چائینز مردوں سے کردی ۔اس حوالے سے ایس ایچ او شالیمار نے کہا ہے کہ بچیوں کا والد اسٹام دے گیا ہے کہ وہ ان چائینز کو مسلمان کر کے ان سے اپنی بچیوں کی شادی کر رہا ہے اور میری بیٹیاں شادی کی عمر کی ہیں اس لئے کسی کو اعتراض نہیں ہونا چاہیے۔اس حوالے سے ان لڑکیوں کے سگےچچائوں ندیم اور ناصر نے جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے بھائی امتیاز کے پاس گجرانوالہ سے کوئی رشتہ کروانے والی خاتون آئی جو اس کو لے کر اسلام آباد چلی گئی اور چند دنوں کے بعد وہ شخص واپس آیا او ر اس کے ساتھ رشتہ کروانیوالی خاتون بھی تھی جس نے رات ان کے پاس قیام کیا۔اس کے بعد ہمارا بھائی انھیں 5لاکھ کے عوض اپنی بیٹیاں دینے کو تیار ہوگیا اور گزشتہ روز ایک شادی ہال میں تقریب جاری تھی تو ہم نے شور شرابہ کیا کہ یہ ظلم نہ کریں تو ہمارے بھائی نے کہا کہ میری بیٹیاں ہیں میری مرضی، میں جو دل چاہئے کروں ۔انھوں نے کہا کہ دراصل شہر میں ایک گروہ سرگرم ہے جو بچیوں کو شادی کے نام پر خرید کر بیرون ملک فروخت کرتا ہے اور یہ گروہ 18سال سے نیچے کی لڑکیاں خریدتا ہے ،ہم نے پولیس کو بھی درخواست دی ہے لیکن پولیس کا کہنا ہے کہ اگر والد کی مرضی سے شادی ہو رہی ہے تو تمھیں کیا اعتراض ہے۔
تازہ ترین