لاہور،گوجرانوالہ(نمائندگان جنگ)ملک بھر میں بارشیں‘بلوچستان اور خیبرپختونخوامیں تباہی ‘شدید بارش کے باعث سیلابی ریلے میں بہہ جانے، کچے مکانات، چھت اور دیواریں گرنے کے واقعات میں ہلاک افراد کی تعداد25 ہوگئی جبکہ درجنوں زخمی ہو گئے۔بلوچستان کے ضلع مکران اور قلات ڈویژن میں بارشوں کے بعد سیلابی صورتحال ہے جہاں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے ۔ضلع لسبیلہ کے گاؤں میں پھنسے 200خاندانوں کو بچانے کیلئے ریسکیوآپریشن جاری ہے‘ وادی تیراہ میں چیک پوسٹ کی چھت گرنے سے دوایف سی اہلکار جاں بحق ہوگئے‘ڈپٹی کمشنرلسبیلہ کا کہنا ہے کہ اوتھل میں سیلابی صورتحال کے باعث 4 افراد لاپتہ ہوگئے جبکہ ریسکیو ذرائع کے مطابق برساتی ریلے میں بہنے والے 2 افراد کی لاشیں نکال لی گئی ہیں۔ضلع آواران میں شدید بارش کے باعث ملار بند کو شدید نقصان پہنچا جب کہ ضلع کا مواصلاتی رابطہ بھی منقطع ہو گیا ۔ ضلعی انتظامیہ چمن کا کہنا ہے کہ بارش کے بعد 40 سے زائد مکانات کو نقصان پہنچا۔