• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کلبھوشن کیس میں بھارتی مطالبہ مسترد کیا جائے، پاکستان

دی ہیگ (جنگ نیوز) پاکستان نے عالمی عدالت سے کلبھوشن جادیو سے متعلق کیس میں بھارت کا ریلیف کا مطالبہ مسترد کرنے کی درخواست کر دی۔عالمی عدالت انصاف میں کلبھوشن کیس کی سماعت کےآخری دن پاکستان کے وکیل خاور قریشی نے اپنے دلائل مکمل کئے،پاکستانی وکیل خاور قریشی نے عالمی عدالت میں مؤقف اپنایا کہ بھارت نے پاکستان کے دلائل کا جواب نہیں دیا اور بھارتی وکیل نے غیر متعلقہ باتوں سے عدالتی توجہ ہٹانے کی کوشش کی۔خاور قریشی نے بتایا کہ بھارتی وکیل نے عدالت میں میرے الفاظ سے متعلق غلط بیانی سے کام لیا، مجھے کسی چیز کے اضافے کی ضرورت نہیں، حقائق خود بولتے ہیں۔انہوں نے پاکستان کی جانب سے بھارت سے اٹھائے گئے سوالات کی تفصیل عدالت میں پیش کر دی۔سن 2008 کے معاہدے کے سوال پر بھارت نے جواب نہیں دیا اور نہ ہی کلبھوشن جادیو کے اغوا کی کہانی پر کوئی جواب دیا گیا۔خاور قریشی نے کہا کہ میں بھارت کو چیلنج کرتا ہوں وہ برطانوی رپورٹ کے حقائق میں کسی خامی کی نشاندہی کرے۔انھوں کہا بھارت کا کہنا ہے کہ یہ کیس صرف قونصلر رسائی کا ہے جب کہ بھارت اس بات پر کوئی جواب نہیں دے رہا کہ جاسوس کو کیسے قونصلر رسائی دی جائے، بھارتی وکیل نے پاکستان کے اٹھائے گئے کسی نکتے کا جواب نہیں دیا۔خاور قریشی نے کہا کہ بھارتی وکیل ہریش سالوے نے عدالتی توجہ ہٹانے اور گمراہ کرنے کی کوشش کی، بھارت نے اپنے دلائل کو دھماکا خیز قرار دیا۔پاکستانی وکیل کا مزید کہنا تھا کہ بھارت نے اپنے اعلیٰ عہدیداروں کی تصاویر دکھانے پر واویلا مچایا جب کہ پاکستان نے صرف بھارتی قومی سلامتی کے مشیر اجیت دوول کی تصویر دکھائی، اجیت دوول کے پاکستان میں دہشتگردی پھیلانے کے اعترافات کی وجہ سے تصویر دکھائی۔ انھوں نے کہا کہ اجیت دوول لندن جائیں تو جیمز بانڈ کی اسامی ان کے لیے خالی ہے۔خاور قریشی کا کہنا تھا کہ بھارت نے کلبھوشن جادیو کے پاسپورٹ سے متعلق سوالات کا جواب نہیں دیا، بھارت کا یہ کہنا کہ دو پاسپورٹ ہونے سے کوئی فرق نہیں پڑتا افسوسناک ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ہزاروں پاسپورٹس کی تحقیقات کرنے والے برطانوی ماہر کو غیر مستند کہنا افسوسناک ہے۔ پاکستانی وکیل نے فوجی عدالت کی سزائیں ختم کرنے کے پشاور ہائی کورٹ کے فیصلے سے متعلق بھارتی دعویٰ غلط قرار دیتے ہوئے کہا کہ کلبھوشن کیلئے بھارت کی ریلیف کی درخواست کو مسترد کیا جائے۔ خاور قریشی نے کہا کہ سب سے بڑے عدالتی فورم کے سامنے بھارتی رویہ حقائق کو مسخ کرنے کے مترادف ہے۔

تازہ ترین