• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ناکامیاں بھارت کامقدر ہیں، تحریک آزادی دبانے کے تمام حربے الٹےہوجائیں گے، فاروق حیدر

برسلز (جنگ نیوز) یورپی پارلیمنٹ میں فرینڈز آف کشمیر کے تعاون سے جموں و کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹر نیشنل کے زیر اہتمام کشمیر پر کانفرنس کا انعقاد، جموں و کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹر نیشنل کے ایک بڑے وفد کی کانفرنس میں شرکت، کشمیر کانفرنس کے مہمان خصوصی وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان تھے جب کہ کانفرنس کی صدارت فرینڈز آف کشمیر کی چیئرپرسن ایم ای پی اینتھیا میکنٹائر نے کی۔ کانفرنس کے میزبان راجہ نجابت حسین چیئرمین تحریک حق خود ارادیت تھے۔ تحریک حق خود ارادیت نے ایم ای پی اینتھیا میکنٹائر سے مل کر بھرپور بریفنگ سیشن کا انعقاد کیا جس میں وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ محمدفاروق حیدر خان نے ممبران یورپی پارلیمنٹ کو کشمیر کی موجودہ صورتحال، تنازع کے پس منظر اور بھارتی مظالم کے حوالے سے تفصیلی آگاہ، وزیر اعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان نے اپنے خطاب میں کشمیر میں ہونے والے مظالم، بھارت کی جانب سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں، حریت پسندوں کی گرفتاریوں، پیلٹ گن کے استعمال، خواتین کی عصمت دری، گمنام قبروں، حریت قائدین کی نظر بندی، تحریک کو دبانے کے لیے مختلف حربوں کے استعمال پر مشتمل تفصیلی گفتگو کی اور ممبران یورپی پارلیمنٹ کو آگاہ کیا۔راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا کہ ہم مسلسل یورپ پارلیمنٹ کا دروازہ کھٹکھٹاتے رہے اور یورپی پارلیمنٹ میں ایک بڑی کانفرنس اور انسانی حقوق کی سماعت کشمیریوں کی تحریک کے لیے حوصلہ افزاء پیغام ہے۔ کشمیری اپنے حق خود ارادیت کی جد و جہد کر رہے ہیں جسے بھارت طاقت اور جبر سے دبانے کی کوشش کر رہا ہے۔ تحریک آزادی کو دبانے کے لیے اول روز سے مختلف حربے اختیار کر رہا ہے اور ہر موقع پر ناکامی بھارت کا مقدر رہی ہے۔ اب بھی بھارت کی ہر چال اسی پر الٹے گی۔ اس موقع پر یورپی پارلیمنٹ میں فرینڈز آف کشمیر کی چیئرپرسن ایم ای پی اینتھیا میکنٹائر، کو چیئرمین ایم ای پی رچرڈ کوربٹ نے کانفرنس کے شرکاء کو بتایا کہ یورپی پارلیمنٹ کے اندر فرینڈز آف کشمیر گروپ کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے لیے حمایت اور کوششیں جاری رکھے گا۔بھارت اور پاکستان کو مسئلہ کشمیر کے پر امن حل کے لیے اقدام اٹھانے چاہئیں۔ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر گہری تشویش ہے اور ان کی روک تھام کے لیے عالمی اداروں اور فورمز کا متحرک ہونا انتہائی ضروری ہے۔ عالمی اداروں کی اولین ذمہ داری ہے کہ وہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو روکوائیں اور کشمیریوں کو ان کے بنیادی حقوق کی فراہمی میں مدد کی جائے۔ یورپی پارلیمنٹ کے اندر اور باہر ہم اپنا فرض نبھاتے رہیں گے۔ اس موقع پر ایم ای پی واجد خان نے کہا کہ ہماری مسلسل کوشش کے بعدوہ موقع آیا ہے کہ یورپی پورلیمنٹ کی انسانی حقوق کی کمیٹی میں کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر سماعت ہو ئی ہے۔ اس کے لیے جہاں بطور ممبران پارلیمنٹ اور ممبر انسانی حقوق کمیٹی کام کیا ہے وہیں ہمارے دیگر ممبران پارلیمنٹ نے بھی ہماری بھرپور سپورٹ کی ہے۔ میں کشمیریوں کے حق خود ارادیت اور کشمیر کاز کے لیے ہر فورم پر اور سطح پر آواز بلند کروں گا۔ کشمیر یوں کی تحریک ایک جائز اور اپنے حقوق کے لیے ہے جسے بھارت طاقت سے دبانے کی کوشش کر رہا ہے۔ اس موقع پر برطانیہ کے ممبرپارلیمنٹ و سابق یورپی ممبر ایم پی افضل خان نے خطاب میں کہا کہ برطانیہ و یورپ کی پارلیمان میں مسئلہ کشمیر کے لیے ہونے والی کوششیں مظلوم کشمیریوں کے لیے حوصلہ افزا ہیں۔ ہم بطور ممبر پارلیمنٹ اپنا کردار نبھاتے رہیں گے۔ برطانیہ و یورپ میں کشمیری تارکین وطن کی کوششیں قابل تحسین ہیں جو ہر موقع پر کشمیر کاز کے لیے متحرک رہتے ہیں۔ اس موقع پر چیئرمین جموں و کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹر نیشنل راجہ نجابت حسین نے یورپی پارلیمنٹ میں فرینڈز آف کشمیر کا شکریہ ادا کیا جن کی کاوشوں سے برسلز میں بڑی کانفرنس منعقد ہوئی۔ راجہ نجابت حسین نے وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فارق حیدر خان کا اور دیگر تمام کشمیری تنظیموں، فورمز کا شکریہ ادا کیا جو اس موقع پر برسلز پہنچے اور کشمیر کاز کے لیے متحرک ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ ہم برطانیہ اور برطانوی پارلیمنٹ کے علاوہ اب برسلز، جنیوا، نیویارک کو فوکس کریں گے اور اس کے لیے ہر اس تنظیم اور فورم کا تعاون حاصل کریں گے جو کشمیر کے لیے متحرک اور کام کر رہے ہیں۔آئندہ بھی کشمیر دوست تنظیموں کے ساتھ مل کر مستقبل میں بھی تقریبات منعقد کی جائیں گی۔ فریندز آف کشمیر کے ممبران نے بالخصوص جو جدو جہد کی اس کے نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ فرینڈز آف کشمیر کے تمام ممبران کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ برطانیہ میں آل پارٹیز پارلیمنٹری کشمیر گروپ کے بعد یہاںیورپی پارلیمنٹ میں فرینڈز آف کشمیر گروپ کی کوششیں کشمیر کاز کے لیے تاریخ ساز ہیں اور کشمیری ان گروپس کے ممبران کی کوششوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور جملہ ممبران کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ اس موقع پردیگر ممبران یورپی پارلیمنٹ ایم ای پی جولی وارڈ، ایم ای پی تھریسا گریفن، ایم ای پی نوشینہ مبارک نے اپنے خطاب میں کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر تشویش کرتے ہوئے کشمیریوں کو حق خود ارادیت دینے کا مطالبہ کیا۔اس موقع پر برطانیہ، یورپ سے بڑی تعداد میں کشمیری رہنما برسلز پہنچے اور اس اہم تقریب میں شامل ہوئے۔ اس موقع پر چیئرمین راجہ نجابت حسین، برطانیہ کی چیئرمین پرسن کونسلر یاسمین ڈار، ممبر آزاد کشمیر اسمبلی راجہ جاوید خان، سردار صدیق خان، علی رضا سید چیئرمین کشمیر کونسل ای یو، راجہ زبیر اقبال کیانی، راجہ شفیق پلاہلو ی، راجہ آصف خان، راجہ افتخار کھتیاڑوی سمیت بڑی تعداد میں برطانیہ، یورپ بھر کے ممالک سے کشمیری رہنما شریک تھے۔

تازہ ترین