• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برسلز میں ٹڈاپ اور بلجیم کے درمیان تجارت کے فروغ کیلئے مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوگئے

برسلز (حافظ اُنیب راشد) ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان اور بلجیم کے تینوں ریجنز کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط ہوگئے۔ دستخط کی یہ تقریب سفیر پاکستان نغمانہ عالمگیر کی رہائش گاہ پر منعقد ہوئی جہاں بلجیم کے تینوں ریجنز فلاندرز، والونیا اور برسلز کے نمائندگان آئے تھے۔ مفاہمت کی اس یادداشت پر TDAP کی طرف سے بلجیم لکسمبرگ اور یورپین یونین کیلئے سفیر پاکستان نغمانہ عالمگیر ہاشمی، فلاندرز انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ کی جانب سے مسٹر ڈیرک وان سٹیرٹ خیم والونیا ایکسپورٹ اینڈ انویسٹمنٹ ایجینسی کی جانب سے ڈائریکٹر جنرل مادام شانتل دی بلیو اور برسلز ایجنسی فار بزنس سپورٹ کے ہیڈ آف بزنس یونٹ ایکسپورٹ لارینٹ لیمبرٹس نے دستخط کئے۔ بعد ازاں شرکا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بلجیم کے درمیان باہمی تجارت میں گزشتہ چند سالوں کے دوران39فیصد اضافہ ہوا ہے۔ یہ معاہدہ ہونے کا ایک طویل عرصے سے انتظار تھا جس کے ذریعے دونوں ملکوں میں تجارت کے مزید امکانات پیدا ہونگے۔ اس موقع پر سفیر پاکستان نے اس معاہدے کو ممکن بنانے کیلئے برسلز میں تعینات اکنامک منسٹر عمر حمید اور کمرشل سیکٹری محمد سلیمان چوہدری کی خدمات کو سراہا۔ دوسری جانب اپنی اپنی گفتگو میں تینوں ریجنز کے نمائندگان نے اس معاہدے کو بارش کا پہلا قطرہ قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ پاکستان میں تجارت کیلئے آسانیاں پیدا کرنے کا ماحول مزید سرمایہ کاری کا سبب بنے گا اور اس سے نہ صرف پاکستان یورپ میں اپنی مصنوعات کی جگہ بنا پائے گا بلکہ یورپین تاجروں کی بھی پاکستان تک بہتر رسائی ممکن ہو سکے گی۔ اس موقع پر گینٹ میں پاکستان کی اعزازی قونصلر Karin Zoeterاینٹورپن میں پاکستان کے اعزازی قونصلر Luc Meurrens اور PBBF کے بلجیم میں نمائندہ Paul Scheynen کے علاوہ کئی مقامی کاروباری تنظیموں اور پاک بینو لکس اوورسیز چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نمائندگان بھی موجود تھے۔
تازہ ترین