• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اے این ایف کے 3اہلکاروں کے بلاضمانت وارنٹ ، گرفتار کرکے پیش کرنیکا حکم

ملتان (سٹاف رپورٹر)سیشن کورٹ نے عدالتی حکم عدولی پر اے این ایف کے 3 اہلکاروں کے بلاضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے انسپکٹر مشتاق احمد اور 2 کانسٹیبلوں عبدالستار اور زاہد اقبال کو گرفتار کرکے 5 مارچ کو پیش کرنے کا حکم دیا ہے،فاضل عدالت نے عدالتی حکم نہ ماننے پر 3 پولیس اہلکاروں سب انسپکٹر محمد ادریس ، کانسٹیبلوں وکیل اور محمد شاہد کی تنخواہ قرق کرنے کا حکم دیا ہے،سیشن عدالت نے تنسیخ نکاح کا دعویٰ دائر کرنے والی خاتون سمیرا بانو کو ہراساں کرنے کیخلاف درخواست پر ایس ایچ او تھانہ سیتل ماڑی سے 25 فروری کو جواب طلب کرلیا ہے، فاضل عدالت نے زیادتی کی نیت سے خاتون کو اغوا کرنے کا مقدمہ درج نہ کرنے پر ایس ایچ او تھانہ سیتل ماڑی سے 25 فروری کو جواب طلب کرلیا ہے، عدالت میں محمد افضل نے شہباز کیخلاف درخواست دائر کی تھی، فاضل عدالت نے اقدام قتل کے مقدمہ میں 2 ملزموں فہد اور اسد کی عبوری ضمانت میں تھانہ بدھلہ سنت پولیس سے یکم مارچ کو ریکارڈ طلب کرلیا ہے، جوڈیشل مجسٹریٹ نے انسانی سمگلنگ اور اقدام قتل کے مقدمات میں 2 ملزموں آصف اور عدنان کو جیل بھجوانے کا حکم دیا ہے ، شراب کے ملزم حنیف کو2ہزار روپے جرمانہ ادا کرنے کی سزا سنائی ہے، جبکہ لڑائی جھگڑے کے ملزم ساجد کو جرم ثابت ہونے پر 96 ہزار 192روپے کا معاوضہ ادا کرنے جبکہ عدم ادائیگی کی صورت میں معاوضہ ادا کرنے تک قید میں رکھنے کی سزا کا حکم دیا ہے، بجلی چوری کے ملزم وحید احمد کو اقبال جرم کرنے پر ایک سال پروبیشن پر رہنے کا حکم دیا ہے۔
تازہ ترین