• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملتان شہر اور گرد و نواح میں دھندسے حد نگاہ 50 میٹر رہ گئی،محکمہ موسمیات کے مطابق دھند کا یہ سلسلہ ایک گھنٹے تک جاری رہے گا۔

محکمہ موسمیات نے مزید بتایا ہے کہ راجن پور اور اس کے گرد و نواح میں دھند میں اضافہ ہوا ہے، جس کے باعث انڈس ہائی وے پر ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی ہے۔

ملتان میں آج ایک بار پھر دھند کا راج ہے، جہاں حد نگاہ متاثر ہوئی ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق دھند چند گھنٹوں پر آسمان سے چھٹ جائے گی ۔

ملتان میں آج کم سے کم درجہ حرارت 9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 22 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے ۔

محکمہ موسمیات نے پیشن گوئی کی ہے کہ آئندہ چند روز تک ملتان کا موسم سرد اور خشک رہے گا تاہم آج اچانک ملتان شہر اور گرد و نواح میں دھند چھا گئی جس سے حد نگاہ متاثر ہو کر صرف 50 میٹر باقی رہ گئی، جس سے ائیر پورٹ پر فلائیٹ شیڈول متاثر ہو گیا۔

شارجہ سے ملتان اٰنے والی نجی ائیر لائن کی پرواز جی 9541 اور پاکستان ائیر لائن کی پرواز 294 کو لاہور ائیر پورٹ پر اتار لیا گیا جبکہ دبئی سے آنے والی نجی ائیر لائن کی پرواز ایف 8325 تاخیر کا شکار ہے۔

ائیر پورٹ حکام کے مطابق موسم بہتر ہوتے ہی فلائٹ آپریشن کا آغاز کر دیا جائے گا ۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے اکثر مقامات پر بارش اور پہاڑوں پر برف باری ہوئی۔

محکمہ موسمیات نے آج ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کی پیشگوئی کی ہے،تاہم گلگت بلتستان ،کشمیر اور اس کے ملحقہ پہاڑی علاقوں میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں سب سے زیادہ سردی پارا چنار میں پڑی جہاں درجۂ حرارت منفی 6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا،کالام، اسکردو، مالم جبہ، بگروٹ اور میرکھانی میں منفی 5 اور گوپس میں منفی 4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسلام آباد میں کم سے کم درجہ حرارت 8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، کراچی میں 19، لاہور میں 12، پشاور میں 5، کوئٹہ میں ایک، مظفر آباد میں 4، فیصل آباد میں 13، ملتان میں 9 اور حیدر آباد میں 14ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

آزاد کشمیر کے علاقے نکیال میں گزشتہ 4 روز سے جاری بارش اور برف باری کا سلسلہ تھم گیا ہے، تاہم ندی نالوں میں طغیانی کی صورت حال ہے۔

شمالی وزیرستان کے علاقے رزمک میں گزشتہ رات سے برف باری جاری ہے، جس کے باعث رابطہ سڑکیں آمد و رفت کے لیے بند ہیں۔

خیبرپختون خوا کے ضلع بنوں میں ہونے والی حالیہ بارشوں سے گندم، جو اور سرسوں کی فصلوں کو فائدہ پہنچا ہے، جبکہ خشک موسم کے خاتمے کے ساتھ ہی بیماریوں میں بھی کمی ہوئی ہے۔

تازہ ترین