• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جدید ٹیکنالوجی کے اس دور میں دورانِ تعمیر شیشے کا استعمال ایک خاص طرزِ زندگی کی عکاسی کرتا ہے۔ گھر کی تعمیر میں شیشے کی دیوار، شیشے کا دروازہ یا پھر شیشے کی کھڑکیاں ارد گرد تعمیر ہوئے دیگر گھروں کے درمیان آپ کے گھر کو ایک ماڈرن لُک فراہم کرتی ہیں۔ خاص طور پر جب شیشے کا استعمال آپ کے گھر کے بیرونی حصے میں کیا گیا ہو۔ تعمیراتی ماہرین کی رائے کے مطابق گھر کا بیرونی حصہ (ایکسٹیریئر) اور اندرونی حصہ (انٹیریئر) گھر کے مکینوں کی شخصیت کا ترجمان ہوتا ہے۔ شیشے کا استعمال نہ صرف ایکسٹیریئر کی خوبصورتی میں اضافہ کرتا ہے بلکہ آپ کے تعمیراتی منصوبے کی قدروقیمت میں بھی اضافہ کردیتا ہے۔ ایکسٹیریئر میں شیشے کا استعمال مختلف طریقوں سے کیا جاسکتا ہے، آئیے اس پر روشنی ڈالتے ہیں۔

جدید بیرونی طرز

ماڈرن اسٹائل ہومز، مغربی ممالک سمیت مشرقی ممالک میں بھی خاصے مقبول ہیں۔ اس طرز پر بنائے گئے گھر عموماً ایک مرلہ یا دومرلہ رقبے پر محیط ہوتے ہیں۔ لیکن ان کی خاص بات یہ ہے کہ اس اسٹائل میں مختلف، نت نئے تعمیراتی مواد اور منصوبوں کو خوبصورتی کے ساتھ سمویا جاسکتا ہے۔ مثال کے طور پر فرش سے چھت تک بنائی گئی شیشے کی دیوار کو ہی لے لیں۔ اگر آپ بیرونی حصے میں کم سہی مگر شیشے کا استعمال لازماً چاہتے ہیں تو گھر کی پہلی منزل پر تھوڑا باہر کی طرف نکلی ہوئی شیشے دار کھڑکیاں بنائی جاسکتی ہیں، جو گھر کی شفافیت کو مزیداُجاگر کر نے کا سبب بنیں گی۔ بصورتِ دیگر ایکسٹیریئر پر ہر تھوڑے فاصلے سے شیشے کی بڑی کھڑکیاں بنوائی جاسکتی ہیں جبکہ بیرونی مداخلت اورتاک جھانک کو باہر کی جانب لگے بلائنڈز کی مدد سے روکا جاسکتا ہے۔

شیشے کاسلائیڈنگ دروازہ

عام طور پر یہ اندازرینچ اسٹائل گھروں میں زیادہ اپنایا جاتا ہے۔ چونکہ یہ گھر اُونچے ہونے کے بجائے پھیلے ہوئے ہوتے ہیں، اس لیے ان گھروں کے بیرونی حصے کو پُر کشش بنانے کا ایک طریقہ یہ بھی ہے کہ اس میں فرش سے چھت تک شیشے کے سلائیڈنگ ڈور لگادیے جائیں۔ یہ دروازے دیوار وں میں اس طرح نصب کروائے جاتے ہیں کہ دیوار کا ہی حصہ معلوم ہوتے ہیں جبکہ گھر کا عقبی حصہ (بیک یارڈ) کنکریٹ سے تعمیر کروایا جاتا ہےکیونکہ شیشے اور کنکریٹ کاملا پ جدت کی ہم آہنگی کرتا ہے۔

بیرونی حصے کی مرکزی دیوار

کئی منزلہ گھر کے بیرونی حصے کو خوبصورت بنانے کے لیے شیشے کی مرکزی دیوار کھڑی کرکے ایک راستہ بھی بنایا جاسکتا ہے۔ یہ دیوار آپ کے ایکسٹیریئر کو منفرداور اسٹائلش انداز فراہم کرتی ہے۔ یہ دیواریں مضبوط شیشے استعمال کرکےبنائی جا سکتی ہیں اور شوخ رنگوں کی مدد سے انہیں نمایاں کیا جا سکتا ہے۔

شیشے کا صدر دروازہ

گھر کے صدر دروازے کے لیے شیشے کے انتخاب پر ہم اس سے قبل بھی بات کرچکے ہیں۔ صدر دروازے کے لیے شیشے کاانتخاب بیرونی حصے کو عالیشان طرز فراہم کرتا ہے۔ اگر آپ بیرونی دروازہ مکمل شیشے کا نہیں لگانا چاہتے تو لکڑی کے ساتھ بھی اس کا استعمال کیا جاسکتا ہے۔ دروازے کے اُوپری حصے پر کٹ ورک کے ذریعے شیشہ نصب کروا کر گھر کے بیرونی حصے کو بہترین انداز دیا جاسکتا ہے۔

بیرونی کمرے میں شیشے کی دیوار

ماحول دوست گھروں کے ڈیزائن میں آرکیٹیکٹ بیرونی حصوں کو بھی کمروں میں شامل کرنے کو ترجیح دیتے ہیں۔ شیشوں کی دیواروں کے ذریعے گارڈن اور پھول دار کیاریوں کو لیونگ روم اور بیڈ رومز کا حصہ بنا یا جارہا ہے۔

بالکونی میں شیشے کی حفاظتی دیوار

ایکسٹیریئر کو خوبصورت بنانے کے آسان ترین طریقوں میں سے ایک اُوپری منزل پر بنی بالکونی ہے، جس پر لگائی جانے والی گرل کے لیے عام طور پرآئرن، سیمنٹ یا اسٹین لیس اسٹیل کا انتخاب کیا جاتا ہے۔ لیکن اس گرل کے لیے ہمارا مشورہ یہ ہے کہ آپ مواد کےطور پرگلاس کا انتخاب کریں کیونکہ یہ ٹرینڈ کافی اِن بھی ہے۔ اگر چہ گلاس کا انتخاب خاصا مشکل ہے کیونکہ اس کی حفاظت دوسرے مواد کے برعکس زیادہ مشکل ہے مگر ناممکن نہیں۔ بالکونی کے لیے اگر آپ کو شیشے کی گرل کے انتخاب کے دوران یہ مشکل درپیش آرہی ہے کہ اس کا انتخاب گھر کی پرائیویسی کو متاثر کرے گا تواس کا واضح حل پرنٹڈگلاس گرل ہے۔ شیشے کی گرل کا انتخاب گھر کے بیرونی حصے کو دلکش بنائے گا اور اُوپری منزل کی بالکونی کی حفاظت بھی کرے گا۔

تیار شدہ مکانات کی ڈیزائننگ

عام طور پر پری فیب ہومز (پہلے سے تیار اجزا کو جوڑ کر کھڑی کی جانے والی عمارت)کا تصور مشرقی ممالک کے بجائے مغربی ممالک میں زیادہ پایا جاتا ہے۔ مشرقی ممالک میں یہ گھر عام طور پر کم ہی دیکھنے میں آتے ہیں۔ اس قسم کی طرزِ تعمیر میں بڑے منفرد اور نئے انداز سامنے آرہے ہیں۔ کئی منزلہ عمارتوں میں اینٹوں کی بجائے شیشے اور لوہے کے بنے سانچوں کا استعمال نمایاں ہے۔

تازہ ترین