• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسائنمنٹ کی تیاری اسکول میں ملنے والے ہوم ورک کی ایک شکل ہےمگر اسائنمنٹ کا لفظ زیادہ تر کالج اور یونیورسٹی لائف میں سننے میں آتا ہے۔جو طالب علم اسائنمنٹ بنانے میں مہارت رکھتے ہیں، ان کے لیےیہ مہارت نہ صرف اچھے گریڈز کی ضمانت ہوتی ہے بلکہ کیریئر میںبھی ترقی کا سبب بنتی ہے۔۔ ہر طالب علم اسائنمنٹ تیار کرنے لیے مختلف طریق کار اپناتا ہے لیکن کچھ بنیادی تجاویز ایسی ہیں، جنہیں اگرکسی بھی اسائنمنٹ کی تیاری میں اپنایا جائے تو نتیجہ بہترین اسائنمنٹ کی صورت میں نکلتا ہے۔

+A اسائنمنٹ کی خصوصیات

سب سے پہلے یہ جاننا ضروری ہے کہ ایک بہترین اسائنمنٹ میں کون کون سی خصوصیات ہوتی ہیں۔٭ ایک بہترین اسائنمنٹ اپنے مقاصد کی واضح ترجمانی کرتے عنوان کو درست انداز میں بیان کرتا ہے۔٭ایک کامیاب اسائنمنٹ کی تیاری کے دوران کسی بھی مواد کو محض دوبارہ سے لکھنے کے بجائے درکار معلومات پر اسباب ودلائل دیے جاتے ہیں ۔ ٭مضمون کی ترتیب ثبوت وتحقیق کی روشنی میں مرتب کی جاتی ہے۔ ٭بحث ومباحثہ اصولوں، نظریات اور دلیلوں کو مد نظر رکھتے ہوئے ترتیب میں پیش کیا جاتا ہے۔ ٭عنوان سے مطابقت رکھنے والے سوالوں پر توجہ مرکوز رکھی جاتی ہے۔ ٭مضمون میں نت نئے آئیڈیاز گرامر،حروف تہجی اور الفاظ کی غلطیوں سے مبراء واضح انداز میں درج کیے جاتے ہیں ۔ ٭موضوع دلچسپ اورمتاثر کن انداز میں عنوان کاحصہ ہوتا ہے۔ نہ لفظوں کی طوالت قاری کواکتاہٹ پر مجبو ر کرتی ہے اور نہ ہی لفظوں کی کمی کسی بھی جملے یا پیراگراف کو واضح انداز میں بیان کرنے سے روکتی ہے۔

منصوبہ بندی

پہلے مرحلہ میں آپ اسائنمنٹ میں شامل کی جانے والی تحقیق کے متعلق منصوبہ بندی کرتے ہیں۔ مثلا ًاس بات کا فیصلہ کریں کہ آپ نےکتنی معلومات شامل کرنی ہیں، آئیڈیاز کی تعداد اور ترتیب کیا ہوگی، ان سب فیصلوں کےبعد آگے ریسرچ کے لیے قدم بڑھائیں۔٭اسائنمنٹ لکھنے کے ضروری مراحل کی فہرست ترتیب دیتے ہوئے توجہ مرکوز کرلیں۔٭تمام تر معلومات حقیقت پسندانہ انداز میں پیش کریں ۔٭جیسے ہی آپ کو کورس سے متعلق اسائنمنٹ آؤٹ لائن دی جائے، غوروفکر کرنا شروع کردیں۔ ٭عنوانات سے متعلق لیکچرز،ٹیوٹوریلز اوردستیاب معلومات پڑھنا شروع کردیں۔

معلومات کہاں سے حاصل کریں؟

اسائنمنٹ میں شامل کی جانے والی معلومات کے لیے لائبریری جائیں، نامور مصنفین اور پبلشرز کی جانب سے شائع کی گئی کتابوں اور مضامین میں درج معلومات بمعہ حوالہ جات شامل کریں۔ درسی کتابوں کے بجائے آرٹیکل کا حوالہ لینے کی کوشش کریں۔

مطالعہ اور نوٹس

جن کتابوں کی ضرورت ہو ان کومطالعہ کے لیے علیحدہ کرلیں۔ مطالعہ کرنے سے قبل ایک بڑی تصویر ذہن میں رکھیں اور کسی بھی ذریعہ معلومات میں شامل مضامین اور مواد کا تنقیدی جائزہ شامل کریں۔ تنقیدی جائزہ کے لیےسب سے پہلے یہ پڑھیںکہ لکھاری نے منتخب کیے گئے پیراگراف میں کیا لکھا ہے۔ ان تمام معلومات کا خلاصہ اپنے الفاظ میں ایک کاغذ پر لکھتے جائیں مثلاً ایسے 50کلیدی الفاظ کی فہرست ترتیب دیں جو آپ کے مطالعہ تحقیق اور تحریر کی بنیاد میں شامل کیے جاسکیں لیکن معنی و مطالب برقرار رکھنے کی کوشش کریں۔ لائن چھوڑ کرلکھنے سے گریز کریں، اس کے علاوہ لکھاری اور پبلشر کا نام لازمی اپنے پاس محفوظ رکھیں۔ اس طرح آپ جلد از جلد اور زیادہ سے زیادہ معلومات بآسانی شامل کرپائیں گے۔

اسائنمنٹ کا تعارف وضاحت اور اختتامیہ

اسائنمنٹ کے تعارف میں کسی بھی واقعہ یا معلومات کا بیک گراؤنڈ شامل کرنے سے گریز کریں۔ تعارف میں صرف اسائنمنٹ کے عنوان سے متعلق معلومات شامل کی جائیں مثلاًیہ بتایا جائے کہ اسائنمنٹ کس بارے میں ہے، کیوں دلچسپ اور اہم ہے۔ اگر اسائنمنٹ 500 سے 800لفظوں پر مشتمل ہو تو تعارفی طور پر ایک پیراگراف لکھیں جبکہ 1500لفظوں پر مشتمل اسائنمنٹ کے لیے 2 پیراگراف لکھیں۔

وضاحتی پیراگراف میں آپ عنوان کا بیک گراؤنڈ اور وہ تمام نوٹس شامل کرسکتے ہیں، جنہیں آپ نے مطالعے کے دوران علیحدہ کاغذپر اتارا تھا۔ مشکل اصطلاحات دائرے میں لکھی جا سکتی ہیں یا ہر اہم اصطلاح کے فلیش کارڈز بنائے جاسکتے ہیں۔

تیسرا مرحلہ اختتامیہ کا ہے، جوکہ بے حداہمیت کا حامل ہوتا ہے۔ اس میں پورے مضمون کا خلاصہ مختصر اور واضح انداز میں درج کریں۔ اختتامیہ میں بحث ومباحثہ یا تمام تر معلومات شامل کرنے کے بجائےان کا خلاصہ آسان اور فہم انداز میں درج کریں۔

تازہ ترین