• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آرٹ اور کرافٹ کی صلاحیتیں نکھارنے والی ویب سائٹس

ماہرین کہتے ہیں،’’تخلیق ایک فطری یا پیدائشی جذبہ نہیں، کسی بھی بچے کی ایک خاص سمت میں پرورش کے ذریعے تخلیق و تحقیق کا جذبہ پیداکیا جاسکتا ہے‘‘۔ ماہرین کی جانب سے اس بات کو مختلف تحقیقات کے طور پر بھی پیش کیا جاچکا ہے لیکن یہ صورتحال والدین کی ذمہ داریوں کا دائرہ کار وسیع کردیتی ہے۔ چونکہ تخلیق کے معنی میں نئی چیزیں بنانا، نت نئے راستوں، باتوں اور طریقوں پر سوچنے کی صلاحیت بیدار کرنا وغیرہ شامل ہے، لہٰذا والدین کا فرض بنتا ہے کہ بچپن سے ہی بچوں کی تربیت ایک خاص سمت میں کریں، ان میں ایسی عادتو ں اور مشغلوں کو پروان چڑھائیں جن کے ذریعے تخلیق کا جذبہ بیدار ہوسکے۔ آرٹ اینڈ کرافٹ، ایک ایسی ہی سرگرمی ہےجس کے ذریعے بچوں میں تخلیقی صلاحیتوں کوبآسانی پروان چڑھایا جاسکتا ہے۔

آرٹ اینڈ کرافٹ کیوں سکھایا جائے ؟

تخلیق کسی نئی چیز اور نت نئے آئیڈیاز پر سوچنے اور ان پر کام کرنے کا نام ہے۔ چونکہ بچپن ایک ایسا دور ہوتا ہے جس میں بچے ہر نئی چیز پر سوچنے اور کام کرنے کے لیے تیار ہوجاتے ہیں، لہٰذا اس دور میں ان کی حوصلہ شکنی یا روک ٹوک کے بجائے نت نئے آئیڈیاز پر کام کرنے کی جانب راغب کریں۔ ماہرین اس سلسلے میں آرٹ اور کرافٹ کو بہترین سرگرمی تسلیم کرتے ہیں۔ ایسا کیوں ہے؟ اس کا جواب اس سرگرمی سے حاصل ہونے والے فوائد سے بخوبی لگایا جاسکتا ہے۔

٭اس سرگرمی کے ذریعے بچوں میں تخلیقی صلاحیت بیدار کرنے میں مدد ملتی ہے۔

٭یہ آپ کو بتاتی ہے کہ ان کا چھوٹا سا دماغ بھی اپنے اندر کتنے نئے راز چھپائے بیٹھا تھا۔

٭یہ سرگرمی نہ صرف بچوں کی تخلیقی بلکہ تعلیمی قابلیت بڑھانے میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہے۔ ایک رپورٹ کے مطابق جو طلبہ دن میں تین سے چار گھنٹے آرٹ کو دیتے ہیں، ان بچوں کی دوسرے مضامین مثلاًمیتھ اور سائنس سمیت دیگر مضامین میں کارکردگی ایسے بچوں کی نسبت زیادہ بہتر ہوتی ہے، جو آرٹ میں دلچسپی نہیں رکھتے۔

٭ان بچوں میں خود اعتمادی دوسرے بچوں کی نسبت زیادہ ہوتی ہے۔

٭جب بچے آرٹ اور کرافٹ کے دوران کچھ نئی چیز بنالیتے ہیں یا کسی نئے آئیڈیاز پر کام کرتے ہیں تو وہ اسے فوراًدوسرے بچوں کو دکھانے یا ان کے ساتھ شیئر کرنےمیں بھی دلچسپی رکھتے ہیں ۔یہ عمل ان کی لینگویج اسکلز کارآمد بنانے میں مددگارثابت ہوتا ہے۔

٭آرٹ اور کرافٹ ورک کے دوران بچے اپنی پسند سے کلرز ، سائز اورشیپ کا انتخاب کرتے ہیں، مختلف مسائل کا سامنا کرتے ہیں اور جوڑتے توڑتے بالآخر اپنے مقاصد حاصل کرہی لیتے ہیں۔ یہ صورتحال ان میں فیصلہ سازی کی صلاحیت اور مشکل حالا ت سے نمٹنے کی صلاحیت بیدار کرتی ہے۔

Red Ted Art

بچوں میں تخلیقی صلاحیتیں بیدار کرنے اور والدین کی رہنمائی کے لیےRed Ted Art ایک بہترین ویب سائٹ ہے۔اس ویب سائٹ پر مختلف کیٹیگریز موجود ہیں جن میں تقریباًتمام عمر کے بچوں کے لیے بہترین آرٹ اینڈ کرافٹ ورک دستیاب ہے۔مثلاً!اسکول نہ جانے والے چھوٹے بچے ایزی کڈ کرافٹ ،پیپر کرافٹ ،فری پرنٹیبلز وغیرہ کرسکتے ہیں۔ والدین اس سائٹ پر وزٹ کرکے بچے کی دلچسپی اور عمر کی مناسبت سے مختلف اقسام کی ایکٹیویٹیز کا انتخاب کرسکتے ہیں۔

Mr Printables

آرٹ اینڈ کرافٹ ایکٹیویٹی گائیڈنس کے طور پرMr Printablesایک منفرد ویب سائٹ ہے۔ اس ویب سائٹس پر مختلف طرز کےآرٹ اینڈ کرافٹ پراجیکٹ ٹیمپلیٹس موجود ہیں، جنھیں ڈاؤن لوڈ کرکے بچے سے گھر میں مختلف اقسام کی سرگرمیاں کروائی جاسکتی ہیں۔ اس ویب سائٹ پر دیگر ویب سائٹ کی نسبت زیادہ مواد(مثلاًری سائیکل کرافٹ،کاغذ سے بنائے جانے والے کھلونے،فنگر پپٹ ،کلرنگ اورڈیکور کرافٹ وغیرہ ) موجودہے، جو نہ صرف منفرد اور تخلیقی آئیڈیاز سے بھرا پڑا ہے بلکہ اس سائٹ پر موجود پراجیکٹ ٹیمپلیٹ بچوں کے روم ڈیکوریشن کے لیے بھی بہترین ثابت ہوسکتی ہیں۔

The Crafty Crow

بچوں کو صحت مند سرگرمیوں میں مصروف رکھنے کے لحاظ سے The Crafty Crow بھی ایک بہترین ویب سائٹ ہے۔ اگر آپ ا س سائٹ پر وزٹ کریں تو تمام عمر کے بچوں کے لیے اس ویب سائٹ پر آرٹ اینڈ کرافٹ پراجیکٹ ورک دستیاب ہے، جس سے فائدہ اُٹھاتے ہوئے والدین بچوں کو چھٹیوں اور ویک اینڈپر صحت مند سرگرمیوں میں مصروف رکھ سکتے ہیں۔

Daisy Yellow

اس ویب سائٹ کو زیادہ تر والدین بیسٹ ویب سائٹ تسلیم کرتے ہیں۔ ان کے مطابق اس ویب سائٹ پر بڑی عمر کے بچوں کے لیے آرٹ اینڈ کرافٹ پراجیکٹ کو سلسلہ وار اور مرحلہ واربیان کیاگیاہے۔ ان تمام پراجیکٹس کو بچے والدین کی مدد سے گھر میں بآسانی تیار کرسکتے ہیں۔

تازہ ترین