• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’عمران خان کی ضد نواز شریف کے علاج میں رکاوٹ‘

مسلم لیگ(ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان کی ضد اور انا کے باعث پنجاب حکومت نواز شریف کے علاج میں رکاوٹ بنی ہوئی ہے۔

میڈیا سے گفتگو میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان کی نالائق کابینہ کو شہباز شریف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے اور نواز شریف کو علاج سے روکنے کے علاوہ کوئی اور کام نہیں آتا۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو جناح اسپتال میں 8دن ہوگئے ہیں، جہاں عارضہ قلب کے علاج کی کوئی سہولت میسر نہیں۔

ن لیگی ترجمان نے کہا کہ نواز شریف کی انجیوگرافی کی اب تک اجازت نہ دینا مجرمانہ فعل ہے،سابق وزیراعظم انجیو گرافی کرانے پر آمادہ ہیں،ان کے انکار کی بات درست نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کو جس طرح کی اسپتال کنڈیشنز میں رکھا گیا ہے وہ ان کی صحت کے لیے مضر ہے۔

مریم اورنگزیب نے استفسار کیا کہ عارضہ قلب کے مریض کو اتنے دن علاج سے دور رکھنا کس قانون، انصاف اور اخلاق کے معیار کے مطابق ہے؟

انہوں نے یہ بھی کہا کہ عارضہ قلب میں ایک ایک لمحہ قیمتی ہوتا ہے، انجیوگرافی کےعمل میں حکومت کی جانب سے دانستہ تاخیر صورتحال کو مشکوک بنا رہی ہے۔

ن لیگی ترجمان نے مزید کہا کہ حکومت ہفتوں اور مہینوں کی تاخیر سے ثابت کر رہی ہے کہ وہ کیا چاہتی ہے،نواز شریف کی صحت اور زندگی کوخطرے میں ڈالنےکی ذمہ داری عمران نیازی اوران کی حکومت پر ہوگی۔

تازہ ترین