• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

مسلم دنیا ابھی نائن الیون کے اثرات سے نہیں نکلی، وزیراعظم آزاد کشمیر

آزاد کشمیر کے وزیر اعظم راجہ فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ پاکستان سمیت مسلم دنیا ابھی نائن الیون کے اثرات سے نہیں نکلی ۔ اسی لئے مسئلہ کشمیر کو بھی دنیا اسی نظر سے دیکھ رہی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دورہ برسلز کے دوران کشمیر کونسل کے دفتر آمد کے موقع پر کیا، جہاں ان کا استقبال کشمیر کونسل کے سربراہ علی رضا سید نے کیا ۔ اس موقع پر ممبر برطانوی پارلیمنٹ راجہ محمد افضل خان اور راجہ جاوید بھی ان کے ہمراہ تھے۔

وزیر اعظم نے کشمیر کونسل کے راہنمائوں سے کہا کہ کشمیری قوم نے اپنی لازوال قربانیوں سے دنیا تک یہ پیغام پہنچا دیا ہے کہ وہ طاقت سے خوفزدہ نہیں ۔ حق خود ارادیت کے حصول کی صدا اتنی بلند ہے کہ دنیا اپنے کان اور آنکھیں بند نہیں کر سکتی، اسی لئے اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے دفتر نے مسئلہ کشمیر پر ایک خصوصی رپورٹ جاری کی،جسے اب یورپین پارلیمنٹ کی انسانی حقوق کی سب کمیٹی نے بھی اپنے ایجنڈے کاحصہ بنا کر اور اس کی توثیق کر کے اپنا لیا ہے۔

راجہ فاروق حیدر نے مزید کہا کہ اس رپورٹ کے کچھ حصوں کو دیکھ کر اندازہ ہوتا ہے کہ دنیا ابھی بھی 9/11 کے اثرات سے باہر نہیں نکلی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان دنیا میں مسئلہ کشمیر کا واحد وکیل ہے ۔ اس نے ہر سطح پر کشمیریوں کی سفارتی اور اخلاقی حمایت کی ہے لیکن ضروری ہے کہ اس مسئلے کے حل کیلئے نئی اپروچ اختیار کی جائے اور کشمیر کے لوگوں کے ذریعے اس موقف کو آگے بڑھایا جائے۔

اس موقع پر انہوں نے شرکائے محفل کو آزاد کشمیر حکومت کی جانب سے تیار کردہ ان نغماتی ویڈیوز سے روشناس کرایا جن کے ذریعے مقبوضہ کشمیر کی جدوجہد آزادی کو بڑے شاعروں کے کلام کے تناظر میں پیش کیا گیا ہے ۔

انہوں نے اس نمائندے کی اس تجویز سے اتفاق کیا کہ اسے دوسری زبانوں کے سب ٹائٹل کے ذریعے پیش کرنے کا اہتمام بھی کیا جانا چاہئے تاکہ ثقافت پسندوں کو ثقافتی زبان میں اس مسئلے کی حساسیت اور اس سے جڑے مظالم سے روشناس کرایا جا سکے۔

اس موقع پر انہوں نے حکومت آزاد کشمیر کی جانب سے کشمیر کونسل کے کا م کی زبردست تحسین کی اور ’’دس لاکھ دستخطی ‘‘کو اہم قرار دیا۔

انہوں نے کشمیر کونسل کے رفقاء کی کوششوں کو بھی سراہتے ہوئے پیغام دیا کہ مسئلہ کشمیر کیلئے تمام اختلافات کو ایک طرف رکھتے ہوئے متحدہ آواز بلند کرنی چاہئے۔

اس موقع پر وزیر اعظم نے آزاد جموں و کشمیر حکومت کی جانب سے راجہ محمد افضل خان کو ان کی ممبر یورپین پارلیمنٹ کی حیثیت سے کشمیر کیلئے خدمات پر ایک اعزازی شیلڈ بھی پیش کی جبکہ کشمیر کونسل ای یو کے سربراہ علی رضا سید نے بھی تحفہ پیش کیا۔

بعد ازاں وزیر اعظم اور ان کے اسٹاف کو خوش دلی سے الوداع کہنے والوں میں خالد جوشی، یورپین یونین کے سابق سفیر انتھونی کرزنر، سردار صدیق خان، راجہ خالد اور دیگر موجود تھے۔

تازہ ترین
تازہ ترین