• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی،پولیس مقابلے کی زد میں آکر طالبہ جاں بحق

کراچی میں پولیس مقابلے کے دوران شہری کی ہلاکت کا ایک اور واقعہ پیش آگیا، ڈاکوئوں سے فائرنگ کے تبادلے میں میڈیکل فائنل ایئر کی طالبہ سر میں گولی لگنے سے زخمی ہونے کے بعد دوران علاج چل بسی، پولیس نے ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں زخم کو چھوٹے ہتھیار کا ظاہر کیا ہے تاہم فائنل رپورٹ آنے کے بعد ہی صورتحال واضح ہوسکے گی۔

نارتھ کراچی انڈا موڑ کے قریب لوٹ مار میں ملوث 2 ملزمان اورپولیس کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں ایک ڈاکو ہلاک جبکہ دوسرا زخمی ہوگیا، فائرنگ کی زد میں آکر 20 سالہ لڑکی نمرہ بیگ سر پر گولی لگنے سے شدید زخمی ہوگئی اور جناح اسپتال میں دوران علاج دم توڑ گئی، جاں بحق ہونے والی نمرہ ڈاؤ میڈیکل یونیورسٹی میں فائنل ایئر کی طالبہ تھی ۔

لڑکی کے ماموں نےکہا کہ وہ پوسٹ مارٹم کرانا چاہتے ہیں تاکہ حقیقت سامنے آسکے کہ بچی کی موت پولیس کی گولی لگنے سے ہوئی یا پھر ملزمان کی گولی لگنے سے ہوئی ہے ۔

اس موقع پر ایس ایس پی سینٹرل عارف راؤ نے یقین دلایا کہ واقعے کی شفاف تحقیقات ہوں گی۔

5 گھنٹے طویل انتظار کے بعد لیڈی ڈاکٹر شکیہ پوسٹ مارٹم کے لیے پہنچیں، پوسٹ مارٹم مکمل کے بعد ان کا کہنا تھا کہ مقتولہ کے متعدد ایکسرے اور سی ٹی اسکین کیا گیا ہے، مقتولہ کے جسم میں لگنے والی گولی کا سکہ نہیں ملا، سر کی ہڈی ٹوٹنے سے مقتولہ کے دماغ کو نقصان پہنچا، بظاہر معلوم ہوتا ہے نمرہ کو چھوٹے ہتھیار کی گولی لگی ہے، تاہم گولی کا حتمی تعین پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے پر ہی ہوگا۔

تازہ ترین