• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شارع نورجہاں، پولیس مقابلہ، ملزم مارا گیا، فائرنگ سے راہ گیر لڑکی بھی جاں بحق

کراچی(اسٹاف رپورٹر)شارع نورجہاں پولیس کا سرسید کے علاقے میں مقابلہ، ایک ملزم مارا گیا،ساتھی زخمی حالت میں گرفتار ،فائرنگ کی زد میں آکر راہگیرجواں سال لڑکی جاں بحق ہوگئ ۔تفصیلات کے مطابق شارع نورجہاں تھانے کی پولیس موبائل نارتھ ناظم آباد میں گشت پر تھی کہ اس دوران انہوں نے دیکھا کہ موٹر سائیکل سوار 2ملزمان شہریوں سے اسلحے کے زورپر لوٹ مار کررہے ہیں ، پولیس کو دیکھ کر ملزمان نے پولیس موبائل پر فائرنگ کردی ۔پولیس نے بھی جوابی فائرنگ کی ،اس دوران پولیس اورڈاکو مقابلہ کرتے ہوئے تھانہ سرسید ٹاؤن تھانے کی حدود نارتھ کراچی انڈا موڑ پر پہنچ گئے جہاں پر پولیس نے ملزمان کو فائرنگ کرکے شدیدزخمی کردیا جبکہ فائرنگ کی زد میں آکرراہگیر جواں سال لڑکی بھی زخمی ہوگئی،پولیس نے تینوں زخمیوں کو عباسی شہید اسپتال پہنچایا جہاں ایک ملزم ہلاک ہوگیا،جبکہ ہلاک ملزم اور لڑکی کی حالت تشویشنا ک بتائی گئی ،عباسی شہید اسپتال کے ڈاکٹروں نے لڑکی کے سر پر گولی دیکھ کر اس کو فوری طور پر جناح اسپتال منتقل کردیا جہاں لڑکی کی شناخت 20سالہ نمر ا دختراعجازبیگ کے نام سے ہوئی جس کو طبی امداد دی جارہی تھی کہ وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی ،پولیس کے مطابق پولیس نے ملزمان کے قبضے سے اسلحہ اور موٹر سائیکل برآمد کرلی،پولیس کے مطابق ہلاک ملزم کی شناخت 25 سالہ ریاض ولد عبدالملک کے نام سے ہوئی جبکہ اس کے زخمی ساتھی کی شناخت نہیں ہو سکی ہے، پولیس کے مطابق مقتولہ ناررتھ کراچی سیکٹر 7ڈی ٹو کی رہائشی تھی اور گھر کے قریب کسی کام سے نکلی تھی کہ پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کی زد میں آگئی ، پولیس کا کہنا ہے کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ میں معلوم ہوسکے گا کہ نمر ا کو پولیس کی گولی لگی یا ڈاکو کی گولی لگی ۔لڑکی کی لاش گھر پہنچنے پر کہرام مچ گیا،ا س موقع پر ہر آنکھ اشکبار تھی۔
تازہ ترین