• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’شو بازی نہیں، عملی خدمت کرکے دکھائیں گے ‘

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ وہ شو بازی نہیں کریں گے بلکہ عملی خدمت کرکے دکھائیں گے، جنوبی پنجاب کو ہر دور میں نظر انداز کیا گیا تھا مگر اب تمام صوبے میں یکساں ترقی ہوگی ۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ڈیرہ غازی خان میں صحت انصاف کارڈ پروگرام کا افتتاح کر دیا، اس موقع پر انہوں نے مستحق افراد میں صحت انصاف کارڈ تقسیم بھی کیے۔

غازی خان میڈیکل کالج میں صحت انصاف کارڈ کے اجراء کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ صوبے کے پیچھے رہ جانے والوں علاقوں کو ترقی یافتہ بنانا پہلی ترجیح ہے۔

انہوں نے کہا کہ اداروں کو مضبوط بنانے کے عمل سے گزر رہے ہیں،صحت انصاف کارڈ کے ذریعے کم آمدن والے غریب افراد کو علاج معالجے کے بہترین سہولتیں میسر ہوں گی۔

عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ صوبے میں 72 لاکھ خاندانوں کو بتدریج ہیلتھ کارڈ جاری کئے جائیں گے، ضلع ڈیرہ غازی خان میں 2 لاکھ خاندانوں میں صحت انصاف کارڈ جاری کرنے کا عمل آج سے شروع کر دیا گیا ہے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے قبائلی علاقہ جات کی پختہ سڑکیں، انتظامی اور شہری علاقوں میں واٹرسپلائی بحالی پروجیکٹس، نئے پارکس اور سیوریج کے منصوبوں کا افتتاح بھی کیا جن پر 7 سو ملین لاگت کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔

تازہ ترین