• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت کے لئے مذاکرات کرنا ہی بہتر ہے، حاجی پرویز

برسلز (عظیم ڈار) پاکستان مسلم لیگ نون بلجیم کے صدر حاجی پرویز نے پلوامہ حملے کو انتہا پسندانہ سوچ اور مقبوضہ وادی میں ہونے والی ریاستی دہشت گردی کے خلاف ردعمل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی فوج کشمیری عوام پر مظالم ڈھاتی ہے تو وہ اس کے ردعمل میں فوج کے سامنے کھڑے ہوجاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب تک بھارتی افواج کشمیریوں کو ناجائز تنگ کرے گی تو یہ ردعمل ہوتا نظر آتا رہے گا۔ حاجی پرویز نے کہا کہ ہم بار بار کہتے آئے ہیں کہ بھارت کے حق میں یہی بہتر ہے کہ وہ کشمیری قیادت کے ساتھ بیٹھ کر مذاکرات کرے اور ان کے خلاف طاقت کا بے جا استعمال بند کرے۔ انہوں نے کہا کہ بالآخر امریکہ کو بہتری کی جانب جانے کے لیے مذاکرات کرنے پڑے۔ بھارت کو بھی خطے میں امن قائم کرنے کے لیے مثبت لائحہ عمل بنانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ نریندر مودی کا طرزعمل بتا رہا ہے کہ اس پر اندرونی دبائو ہےاور آئندہ انتخابات میں اس کا کوئی چانس نہیں لگ رہا۔ لہٰذا وہ خود پر جنگی جنون طاری کرکے سرخرو ہونا چاہتا ہے جسے بھارتی عوام قبول نہیں کریں گے۔ کیونکہ تاریخ شاید ہے کہ جب بھی ہندوستان نے منفی سوچ کا مظاہرہ کیا تو اسے تقسیم کے عمل سے دوچار ہونا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ اگر بھارت نے پاکستان کے خلاف حملہ کرنے کی غلطی کی یا کسی قسم کی سرحدی جارحیت کا مرتکب ہوا تو پوری قوم سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی مانندپاک فوج کے ساتھ کھڑی ہوگی۔ آخر میں انہوں نے سیاسی، سماجی، مذہبی، کاروباری اور مختلف طبقہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد سے اپیل کی کہ پاکستان کی سلامتی اور بقا کی خاطر تمام اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے ہوجائیں۔
تازہ ترین