• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عبدالستارافغانی اورنعمت اللہ کے دور میں ترقیاتی کام کئے گئے،حافظ نعیم

کراچی (اسٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ کراچی میں عبد الستار افغانی اور نعمت اللہ خان ایڈوکیٹ کے دور میں عوامی ،فلاحی اور ترقی کے جوکام ہوئے وہ کسی اور دور میں نہیں ہوئے ، عبد الستارافغانی نے سب سے پہلے حب ڈیم سے کراچی کے لیے 100ملین گیلن یومیہ پانی کی فراہمی کا منصوبہ بنایا ، نعمت اللہ خان نے K3منصوبہ مکمل کیا اور K4کے لیے کام شروع کیا لیکن اس کے بعد شہر میں پانی کا کوئی منصوبہ نہیں بنایا گیا، اگر نعمت اللہ خان کے دور کاترقیاتی عمل جاری رہتا اور K4سمیت دیگرمنصوبے وقت پر مکمل ہوتے تو آج شہر کی یہ حالت نہ ہوتی، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ادارہ نورحق میں ڈسٹرکٹ سوات کی تحصیل بحرین کے منتخب بلدیاتی نمائندوں کے وفد سے خطاب کرتے ہوئے کیا، تقریب سے جنید مکاتی، فضل الرحمن، راجا عارف سلطان، حبیب اللہ ثاقب، محمد شعیب، اے این پی کے محمد رفیق اور دیگر نے بھی خطاب کیا، بلدیاتی نمائندوں میں جماعت اسلامی ، پیپلز پارٹی، پی ٹی آئی ، اے این پی سے وابستہ افراد موجود جبکہ وفد میں تحصیل بحرین کے ممبران عقل زادہ ، فدا محمد خان ، حزب اللہ شاہد ، عبد الحسین ، انجینئر سعید، نوا خان ، محمد عمر ، ساجد علی و دیگر شامل تھے۔
تازہ ترین