• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سکھر، کچے کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن، 20 سے زائد مشتبہ افراد زیرحراست، شراب، چرس،مسروقہ موترسائیکلیں برآمد

سکھر (بیورو رپورٹ) سکھر پولیس کا کچے کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن، 20سے زائد مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا، جرائم پیشہ عناصر کیخلاف کارروائیاں کرتے ہوئے 30ملزمان گرفتار، بھاری مقدار میں شراب، چرس، مسروقہ موٹر سائیکلیں، موبائل فونز برآمد، گرفتار ملزمان جرائم کی سنگین وارداتوں میں پولیس کو مطلوب تھے۔ ایس ایس پی سکھر عرفان علی سموں کے مطابق ضلع سکھر میں امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں، پولیس کی جانب سے جرائم پیشہ عناصر کی گرفتاری کو یقینی بنانے کے لئے اچانک کارروائیاں کی جارہی ہیں، خفیہ اطلاع ملنے پر پولیس نے کچے کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کرکے 20سے زائد مشتبہ افراد کو حراست میں لیا ہے جن سے تفتیش کی جارہی ہے۔ دوسری جانب پولیس نے جھانگڑو، سائیٹ، دبر، سانگی، روہڑی، سی سیکشن، آباد، بی سیکشن سمیت ضلع کے دیگر تھانوں کی حدود میں کارروائیاں کرتے ہوئے مجموعی طور پر 30ملزمان کو گرفتار کیا ہے، جن میں غلام علی، نظر علی، امتیاز، احد علی، لیاقت، فاروق، مختیار، سچل، جنسار، عبدالوہاب، وحید، شیر علی، احسان، بلاول، ایاز علی، شبیر، نصر اللہ وسیگر شامل ہیں۔ گرفتار ملزمان کے قبضے سے پانچ کلو سے زائد چرس، 14مسروقہ موبائل فون، تین موٹر سائیکلیں، 100لیٹر کچی شراب، شراب بنانے والی مشین، ٹی ٹی پسٹل اور مسروقہ لوڈر برآمد کیا ہے۔ ملزمان قتل، اغوا، ڈکیتی، چوری سمیت جرائم کی سنگین وارداتوں میں پولیس کو مطلوب تھے، جن کیخلاف متعلقہ تھانوں میں مقدمات درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہیں۔ ایس ایس پی سکھر نے ضلع کے تمام تھانہ انچارجز و پولیس افسران کو سختی سے احکامات دیے ہیں کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں جرائم کی وارداتوں کی روک تھام کو ہر صورت میں یقینی بنائے، جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی کے لئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں، اس سلسلے میں کسی بھی قسم کی غفلت و لاپرواہی برداشت نہیں کی جائیگی۔

تازہ ترین