• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مقبوضہ کشمیر ،حریت قیادت گرفتار، بھارت نے مزید 10 ہزارفوجی بھیج دیئے

سرینگر/نئی دہلی (خبرایجنسیاں ) پلوامہ حملے کے بعد بھارت کی جانب سخت اقدامات کا سلسلہ جاری ہے،قابض فوج نے بڑے پیمانے پر کریک ڈائون کرتے ہوئے حریت رہنما لبریشن فرنٹ کے چیئرمین یاسین ملک اور امیرجماعت اسلامی ڈاکٹر عبدالحمید فیاض سمیت 200 سےزائد رہنما و کارکنان کو گرفتار کرلیا جبکہ درجنوں کو گھروں میں نظر بند کردیاگیا،بھارت نےوادی میں100کمپنیوں پر مشتمل مزید 10ہزار فوجی تعینات کردیے، مزید اہلکاروں کوجنگی جہاز کے ذریعے سرینگر ایئر پورٹ پہنچایا گیا۔دوسر ی جانب پیر کو بھارتی سپریم کورٹ میں دفعہ 35اے کے حوالے سے سماعت ہونے والی ہے۔ میڈیا رپورٹس کےمطابق مقبوضہ وادی میں مزاحمتی خیمے کیخلاف کریک ڈاؤن میں یاسین ملک اور امیر جماعت اسلامی ڈاکٹر عبدالحمید فیاض سمیت200سے زائد افراد گرفتار کرلیے گئے،اتر پردیش میں بھی دو کشمیری گرفتار کرکےجیش محمد سے تعلق کا الزام عائد کردیا گیا ۔ جماعت اسلامی کی طرف سے جاری ایک بیان میں بتایا گیا کہ گزشتہ رات کے دوران اس کے درجنوں مرکزی و ضلعی عہدیداروں کی گرفتاریاں عمل میں لائی گئی ہیں، گرفتار کئے جانے والوں میں جماعت اسلامی کے امیرڈاکٹرعبدالحمیدفیاض، ایڈووکیٹ زاہد علی ، غلام قادر لون، عبدالرئوف، مدثر احمد، عبدالسلام ، بختاور احمد، محمد حیات، بلال احمد اور غلام محمد ڈار شامل ہیں،بیان میںکہا کہ ایک ایسے وقت میں جب بھارتی سپریم کورٹ میں دفعہ 35۔ اے کی منسوخی کے حوالے سے عرضداشتوں کی سماعت ہونے والی ہے ، گرفتاریوں کا عمل ایک گہری سازش لگ رہی ہے، دفعہ 35اے کے ساتھ کسی بھی قسم کی چھیڑ چھاڑ کشمیریوں کیلئے قطعی طور پر ناقابل قبول ہے۔ ادھر قابض سکیورٹی فورسز نے جمعے کی رات گئے سینئر جے آر ایل لیڈر اور لبریشن فرنٹ سربراہ محمد یاسین ملک کو اپنے گھر سے گرفتار کرکے نامعلوم مقام پر پہنچا دیا ہے ۔فرنٹ ذرائع نے بتایا کہ پولیس کی بھاری نفری فرنٹ چیئرمین محمد یاسین ملک کے گھر پر چادر اورچاردیوار کا تقدس پامال کرتے ہوئے داخل ہوئی اور انہیں اپنے ساتھ گرفتار کرکے لے گئی ۔ دوسری جانب مقبوضہ کشمیر میں حریت فورم کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق نے جموںوکشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک اور جماعت اسلامی کے امیر سمیت بڑی تعداد میں تنظیم کے رہنماؤں اور کارکنوں کی گرفتار ی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ جبر و استبداد کی کارروائیوں سے مقبوضہ علاقے کی صورتحال مزید ابتر ہوگی۔میرواعظ عمرفاروق نے بھارتی قیادت پر زور دیا ہے کہ وہ جنگی جنون کو ہوا دینے کے بجائے مسئلہ کشمیر کو اس کے تاریخی پس منظر میں حل کرنے کیلئے اقدامات کرے ۔

تازہ ترین