لاہور(خالد محمود خالد) بھارت کے دورے پر گئے ہوئے سندھ سے پاکستان تحریک انصاف کے قومی اسمبلی کے رکن اور پاکستان ہندو کونسل کے پیٹرن انچیف ڈاکٹر رمیش کمار ونکوانی نے نئی دہلی میں بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی، وزر خارجہ سشما سوراج اور امور خارجہ کے وزیر مملکت سابق آرمی چیف جنرل وی کے سنگھ سے اہم ملاقاتیں کی ہیں۔ ذرائع کے مطابق ڈاکٹر رامیش کمار ونکوانی نے وزیراعظم نریندر مودی سے تقریباً تیس منٹ تک ون آن ون ملاقات کی جس میں نریندر مودی نے ان کا گرمجوشی سے استقبال کیا۔ دونوں رہنما ایک دورے سے گلے بھی ملے۔ذرائع کے مطابق ونکوانی نے پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان کی طرف سے بھارتی وزیر اعظم کو ایک پیغام بھی دیا جس میں بھارتی وزیر اعظم پر واضح کیا گیا کہ خطے میں مستقل امن کے قیام کیلئے دونوں ملکوں کو مذاکرات کی میز پر آنا پڑے گا۔ڈاکٹر رمیش نے مودی سے ملاقات کے بعد بتایا کہ وہ دونوں ملکوں کے درمیان امن کے قیام کا پیغام لے کر بھارت آئے ہیں۔وزیر خارجہ سشما سوراج سے ملاقات کے دوران انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے عوام کا مفاد اسی میں ہے کہ دونوں ملک امن سے رہیں۔بھارتی تجزیہ کار رویندر سنگھ روبن کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر رمیش کمار ونکوانی اپنے بھارت کے دورے کے دوران بھارتی حکمرانوں سے ملاقاتیں کر کے موجودہ پاک بھارت کشیدگی کو ختم کرنے کے لئے جو کردار ادا کر رہے ہیں وہ دونوں ملکوں کے درمیان اچھے تعلقات کی امید کی نئی کرن ثابت ہو گی۔