• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سراج درانی کی بیٹی کے اکائونٹ سے کروڑوں کی ٹرانزکشن کادعویٰ

کراچی ( صباح نیوز، ٹی وی رپورٹ) اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کی بیٹی کے اکائو نٹ سے بزنس مین گلزار احمد کے اکائو نٹ میں کروڑوں روپے کی ٹرانزکشن کا انکشاف ہوا ہے۔ادھر نیب ذرائع نے بتایا کہ آغا سراج درانی کے اہلخانہ کے سامنے سیزر میمو بنایا گیا جس پر انکی صاحبزادی سے تصدیقی دستخط کرائے گئے۔تفصیلات کے مطابق آغا سراج درانی کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے اور نیب نے بزنس مین گلزار احمد کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ نیب نے گلزار احمد کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی سفارش بھی کر دی ہے اور نیب کی سفارش پر گلزار احمد کا نام ایف آئی اے واچ لسٹ میں بھی شامل کر دیا گیا ہے۔ ذرائع کا بتانا ہے کہ گلزار احمد کی دبئی سے واپسی پر انہیں گرفتار کر لیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق گلزار احمد کے اکائونٹ میں آغا سراج درانی کی بیٹی کے اکائونٹ سےکروڑوں روپے منتقل ہوئے۔دریں اثناء جیونیوز نے نیب کی جانب سے آغا سراج درانی کے گھر چھاپے کے دوران تحویل میں لی گئی چیزوں کی تفصیلات حاصل کرلیں۔جیونیوز کے مطابق نیب حکام نے اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کے گھر سے چھاپے کے دوران جائیداد، گاڑیوں اور گھروں سے متعلق اہم دستاویزات حاصل کیں جبکہ گھر سے جو چیزیں تحویل میں لی گئیں ان سب کا سیزر میمو بنایا گیا ہے۔نیب نے اسپیکر سندھ اسمبلی کی صاحبزادی سے زبردستی دستخط کرانے اور اہل خانہ سے کسی بھی قسم کی بدسلوک کی سختی سے تردید کی ہے۔نیب ذرائع کا کہنا ہےکہ آغا سراج درانی کے گھر سے حاصل چیزوں کی فہرست عدالت میں پیش کی جائے گی اور عدالت کو تمام معاملے سے آگاہ بھی کیا جائے گا۔ذرائع نے مزید بتایا کہ آغا سراج درانی سے مثبت سمت میں تحقیقات جاری ہیں۔

تازہ ترین