• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نیب اچھا کام کریگا اسے سراہیں گے،غلطی پرتنبیہ کریں گے،علی محمد

کراچی (ٹی وی رپورٹ) وزیر برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے کہا ہے کہ حکومت کا نیب پر کوئی کنٹرول نہیں ہے، نیب اچھا کام کریگا اسے سراہیں گے جہاں غلط کام کریگاتنبیہ کریں گے، نیب نے آغا سراج درانی کو بغیر ثبوت گرفتار کیا تو پشیمانی بھی انہی کو ہوگی، ن لیگ اور پیپلز پارٹی اس وقت احتساب کیلئے قانون سازی کی بات کرتی ہیں تو یہ مفادات کا تصادم بنتا ہے۔وہ جیو کے پروگرام ”نیا پاکستان شہزاد اقبال کے ساتھ“ میں میزبان شہزاد اقبال سے گفتگو کررہے تھے۔ پروگرام میں پیپلز پارٹی کے رہنما چوہدری منظور سے بھی گفتگو کی گئی۔چوہدری منظور نے کہا کہ نیب اپوزیشن میں کسی کو گرفتار کرتاہے تو حکومت نیب کی ترجمان بن جاتی ہے، نیب اور حکومت کا کوئی گٹھ جوڑ ہے،حکومت سنجیدہ ہے تو احتساب کا بل لے آئے جس میں سب شامل ہوں۔ علی محمد خان نے کہا کہ حکومت کا جہاں بھی عمل دخل ہے وہاں کرپشن کیخلاف اپنا کردار ادا کرے گی، حکومت کا نیب پر کوئی کنٹرول نہیں ہے، نیب اچھا کام کریگا اسے سراہیں گے جہاں غلط کام کریگا اس کو تنبیہ کریں گے، حکومت نیب کو نہیں کہہ سکتی کہ کس کو پکڑے اور کس کو چھوڑ دے، نیب کے قانون میں سقم ہیں جو وقت کے ساتھ قانون سازی سے ٹھیک کرنا ہوں گے، ہم یہ نہیں کہہ سکتے کے احتساب میرٹ پر ہورہا ہے، سپریم کورٹ فیصلہ کرے گی کس کا احتساب غلط ہوا کس کا صحیح ہوا، وزیراعظم کی ذمہ داری بنتی ہے کہ احتساب پر سمجھوتہ نہ کریں۔ علی محمد خان نے کہا کہ اسپیکر کے عہدے کی اپنی عزت ہے لیکن کسی کے اسپیکر ہونے کا مطلب یہ نہیں کہ اسے گرفتار نہیں کیا جاسکتا۔
تازہ ترین