• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت کو مزید وقت دینا جعلی مینڈیٹ کو تسلیم کرنا ہوگا، فضل الرحمٰن

کراچی(اسٹاف رپورٹر) جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ پاکستان کا جغرافیہ تبدیل کرنے کی سازش کی جارہی ہے،حکومت کو مزید وقت دینا جعلی مینڈیٹ کو تسلیم کرنا ہے۔ نیب سیاست دانوں کو بلیک میل کرنے کیلئے بنایا گیا ہے، موجودہ حکمرانوں میں ایک محلہ اور گلی چلانے کی بھی صلاحیت نہیں ہے ۔پچاس لاکھ گھر دینے کے دعویداروں نے اقتدار میں آکر ہزاروں گھر گرادیئے ہیں، کشمیر پالیسی سے دوری اور اسرائیل کو تسلیم کرنے کی باتیں عام ہیں، حکمران امریکی ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں، ہماری خارجہ پالیسی کی وجہ سے بھارت کا رویہ تبدیل ہو گیا ہے۔ چین ہم سے اس وقت ناراض ہے، ایران بھی اب پاکستان کودھمکیاں دے رہا ہے یہ کیسی خارجہ پالیسی ہے، احتساب کرنے والے ادارے سیاست کو بے توقیر کررہے ہیں، صدارتی نظام کے حامی آمرانہ سوچ کی پیداوار ہیں، ملک بیرونی دباؤ میں ہے جب تک نئے الیکشن نہیں ہوتے تو تبدیلی ممکن نہیں، آئی ایم ایف ہم سے کھیل رہا ہے، ملک کی معیشت کا بیڑا غرق کردیا گیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے ہفتہ کو کراچی پریس کلب میں میٹ دی پریس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ ہمارے اوپر آمرانہ سوچ کی تلوار لٹک رہی ہے۔آمریت اور بادشاہت میں صحافت نہیں ہو سکتی ہے۔ مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ قرضہ ختم کرنے والے قرضہ لینے کے عالمی چیمپئن بن گئے ہیں ۔
تازہ ترین