• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی، زہر خورانی سے 5 بچوں کی موت، شواہد مٹانے کے ثبوت


زہر خورانی سے پانچ کمسن بہن بھائیوں سمیت ایک ہی خاندان کے 6 افراد کی موت کے سلسلے میں کراچی کے وفاقی گیسٹ ہاؤس قصر ناز میں سے شواہد مٹانے کے ثبوت سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے مل گئے ہیں۔

سرکاری گیسٹ ہاؤس کے کمرے سے متاثرہ افراد کو لے جائے جانے کے صرف 8 منٹ بعد جائے وقوعہ سے ثبوت مٹانے کا عمل شروع کردیا گیا تھا۔

’جنگ‘ کو موصول قصر ناز کی سی سی ٹی وی فوٹیج کے مطابق قصر ناز کے کمرہ نمبر 58 اے سے صبح 6 بجکر 22 منٹ پر فیصل زمان اور ان کے خاندان کے افراد پانچ بچوں کو نکال کر اسپتال لے جاتے ہوئے دیکھے جاسکتے ہیں جبکہ فیصل زمان کی ہمشیرہ خود چلتے ہوئے ایک بچے کو اٹھا کر لے جا رہی ہیں۔

سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ان کے جانے کے ٹھیک آٹھ منٹ بعد 6 بجکر 30 منٹ پر قصرناز کا پورا عملہ حرکت میں آجاتا ہے۔ متاثرہ خاندان کے زیر استعمال کمرہ نمبر 58 اے کی چادریں اور تکیے تبدیل کئے گئے۔

متاثر افراد کو کمرے سے نکالا گیا تو فوری طور پر کمرہ دھودیا گیا۔ سرکاری ذرائع کے مطابق فیصل زمان کے زیراستعمال سرکاری گیسٹ ہاؤس کا کمرہ دھونے کیلئے مجاز اتھارٹی سے اجازت نہیں لی گئی۔

ذرائع نے یہ بھی انکشاف کیا متاثرہ کمرہ فیصل فیملی کو دینے سے چند گھنٹے قبل تک ایک پولیس افسر کے زیر استعمال تھا، ذرائع کے مطابق مبینہ طور پر افسر کے چیک آؤٹ ہونے کے بعد کمرے میں کیڑے مار اسپرے کیا گیا جکے بعد متاثرہ فیملی کو کمرہ آلاٹ کرنے قبل اس کا کلیئرنس سرٹیفیکٹ نہیں لیا گیا۔

ذرائع کے مطابق فیصل زمان کی فیملی کیلئے کمرہ پی ڈبلیو ڈی کے ایک انجینئر امین کے نام پر بک کیا گیا تھا۔

زہر خورانی سے 5 بچوں سمیت چھے افراد کی موت کا مقدمہ گزشتہ روز سول لائنز تھانے میں درج کیا گیا۔

تازہ ترین