• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

موجودہ پاک بھارت کشیدگی نے آج قوم کو متحد کر دیا ہے اور ہر محب وطن پاکستانی قومی جذبے سے سرشار وطن کیلئے ہر طرح کی قربانی دینے کیلئے تیار ہے۔ تمام سیاسی جماعتیں، افواج پاکستان، سول سوسائٹی اور بزنس کمیونٹی ایک پیج پر ہیں جس کی وجہ سے ہماری حکومت بھارت کے جنگی جنون کا نہایت سنجیدہ اور پروفیشنل طریقے سے جواب دے رہی ہے، جس کو پوری دنیا نے سراہا ہے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سفارتی سطح پر اس مسئلے کو پوری دنیا بالخصوص دوست ممالک کے ساتھ اٹھا رہے ہیں اور آج سعودی عرب، عرب امارات، روس، ترکی اور دیگر دوست ممالک ثالثی کا کردار ادا کرنے کو تیار ہیں لیکن بھارت ثالثی ماننے کو تیار نہیں۔ ان حالات میں بھارت تقسیم نظر آتا ہے۔ مودی الیکشن کی سیاسی ضرورت کیلئے خطے کو آگ میں دھکیل رہا ہے، جس سے بھارتی الیکشن تک پاکستان پر حملےکا خطرہ منڈلا رہا ہے جبکہ بھارتی اپوزیشن، میڈیا، سول سوسائٹی کے رہنما اور دانشور پاکستان کی امن پیشکش کو سراہ رہے ہیں جبکہ پوری دنیا گرفتار بھارتی پائلٹ ونگ کمانڈر ابھینندن کی جذبۂ خیر سگالی کے تحت واپسی کو امن کیلئے ایک مثبت قدم قرار دے رہی ہے۔ رہائی پر بھارتی پائلٹ کا ویڈیو پیغام بھی سامنے آیا جس میں اس نے پاک فوج کا شکریہ ادا کرتے ہوئے بھارتی میڈیا کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا جبکہ بھارت میں پائلٹ کی حوالگی کو بھارت کا بڑا کارنامہ بناکر پیش کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔

فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (FPCCI) جو پاکستان کی بزنس کمیونٹی کی نمائندہ تنظیم ہے، نے گزشتہ روز فیڈریشن ہائوس کراچی میں وزیراعظم عمران خان اور افواجِ پاکستان سے اظہارِ یکجہتی اور انہیں خراجِ تحسین پیش کرنے کیلئے ’’جاگ رہا ہے پاکستان‘‘ تقریب منعقد کی، جس میں میرے علاوہ کمشنر کراچی افتخار شیلوانی، بزنس کمیونٹی کے لیڈر ایس ایم منیر، زبیر طفیل، خالد تواب، اشتیاق بیگ، عبدالسمیع خان، سینیٹر عبدالحسیب خان، فیڈریشن کے نائب صدور ارشد جمال، نور احمد خان، مسلم محمدی، اعلیٰ حکومتی عہدیداران اور مسلح افواج کے نمائندوں نے بڑی تعداد میں شرکت کرکے وزیراعظم عمران خان اور افواجِ پاکستان بالخصوص آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ فیڈریشن کے آڈیٹوریم کو بری، بحری اور فضائی افواج کے ہیروز کے پوسٹرز سے سجایا گیا تھا اور ڈیجیٹل اسکرین پر پیش کئے گئے ملی نغمات نے ایک نہایت جذباتی ماحول پیدا کر دیا تھا۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان تھے جنہیں اسلام آباد سے کراچی آنا تھا مگر ایئر پورٹس بند ہونے کی وجہ سے وہ کراچی نہ پہنچ سکے۔

ڈاکٹر عبدالقدیر خان سے میرے اور اشتیاق بیگ کے پرانے خاندانی تعلقات ہیں۔ میری والدہ جب حیات تھیں تو وہ ڈاکٹر قدیر کے کراچی آنے پر ان کے پسند کے کھانے بنوا کر خود بھجواتی تھیں۔ میری درخواست پر ڈاکٹر قدیر نے ’’جاگ رہا ہے پاکستان‘‘ تقریب کے شرکاء سے ٹیلیفونک خطاب کیا، جس میں انہوں نے بتایا کہ پاکستان کی نیوکلیئر صلاحیت بھارت سے بہتر ہے اور افواجِ پاکستان آدھے گھنٹے میں بھارت کے تمام بڑے شہروں کو برباد کر سکتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک ایٹمی طاقت ہے اور کوئی بھی دشمن ملکِ پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرأت نہیں کر سکتا۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم اس وقت افواجِ پاکستان کے ساتھ ہے۔ میرے خطاب سے پہلے کمسن بچے حماد علی کا گایا ہوا میرا پسندیدہ ملی نغمہ ’’میرے وطن یہ عقیدتیں اور پیار تجھ پہ نثار کر دوں‘‘ ڈیجیٹل اسکرین پر پیش کیا گیا جس نے ایک جذباتی ماحول پیدا کر دیا۔ میں نے نم آنکھوں کے ساتھ اپنی تقریر میں وزیراعظم اور افواجِ پاکستان کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ بزنس کمیونٹی کو مسلح افواج پر فخر ہے۔ اس موقع پر میں نے اسکواڈرن لیڈر حسن صدیقی جنہوں نے دو بھارتی طیارے تباہ کئے، کو اُن کے مایہ ناز کارنامے پر خراجِ تحسین پیش کیا۔ میں نے وزیراعظم عمران خان کے بھارتی پائلٹ کو واپس بھجوانے کے فیصلے کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ ہمارے وزیراعظم عمران خان نے اس سنگین صورتحال میں ایک بہترین سیاستدان (Statesman) کا کردار ادا کیا ہے جس پر ہم سب کو فخر ہے۔ انہوں نے دنیا کو یہ پیغام دیا ہے کہ پاکستان ایک امن پسند ملک اور دوستانہ تعلقات کا خواہاں ہے۔ میں نے اقوام متحدہ اور پاکستان کے دوست ممالک کی بھی تعریف کی جنہوں نے پاکستان اور بھارت کے درمیان مسائل کو حل کرنے کیلئے ثالثی کا کردار ادا کر نے کی پیشکش کی۔ میں نے شرکاء سے کہا کہ آج ہم جو کچھ ہیں، پاکستان کی وجہ سے ہیں اور اب وقت آگیا ہے کہ ہم وطن کا کچھ قرض ادا کرکے تاریخ کا حصہ بنیں تاکہ آنے والی نسلوں کو ہم فخریہ بتا سکیں کہ مشکل وقت پر پاکستانی قوم ایک سیسہ پلائی دیوار بن جاتی ہے۔ کمشنر کراچی افتخار شیلوانی نے بتایا کہ انتظامیہ نے شہر کراچی کی حفاظت کیلئے تمام تر حفاظتی تدابیر اختیار کرلی ہیں اور کسی بھی سنگین صورتحال سے نمٹنے کیلئے تمام محکموں کو واضح ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ہم بھارت کے جنگی جنون کے برعکس پاکستان میں پی ایس ایل کرکٹ کے جنون کو فروغ دے رہے ہیں اور شہری انتظامیہ نے کراچی میں پی ایس ایل میچز کیلئے تمام تر تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔ بزنس کمیونٹی کے لیڈر ایس ایم منیر نے پچھلی جنگوں کے نتائج پر روشنی ڈالتے ہوئے اور مسلح فوج کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کی تاجر برادری باہمی تجارت میں فروغ کے لئے جنگ نہیں چاہتی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی فوج محب وطن اور ایک بہادر فوج ہے جو ہر قسم کے حالات کا مقابلہ کرنے کے لئے ہمہ وقت تیار ہے۔ انہوں نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے ترکی، متحدہ عرب امارات، سعودی عرب اور دیگر ممالک سے مشاورت کرکے بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج کی OICوزرائے خارجہ اجلاس میں شرکت کی وجہ سے پاکستانی وزیر خارجہ کے شرکت نہ کرنے کے فیصلے کو سراہا۔ زبیر طفیل، خالد تواب، اشتیاق بیگ، عبدالسمیع خان، مقصود ناز اور دیگر شرکاء نے بھی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وطن سے تجدیدِ عہدِ وفا کیا اور کہا کہ امریکہ، روس اور چین کے بعد پاکستان کی مسلح افواج کا شمار دنیا کی چوتھی مضبوط ترین فوج میں ہوتا ہے، پاک فوج کے جوان اپنی بہادری کی وجہ سے دنیا بھر میں مشہور ہیں اور ان کا جذبۂ شہادت پاک افواج کو دنیا کی دیگر افواج سے ممتاز بناتا ہے۔ تقر یب کے اختتام پر پاکستان کی بزنس کمیونٹی کی طرف سے میں نے ایک متفقہ قرارداد پیش کی جس میں وزیراعظم اور افواجِ پاکستان کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے اُن سے یکجہتی اور حمایت کا اظہار کیا گیا۔

تازہ ترین