• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

پاکستان فٹبال پر پابندی کی تلوار اب بھی لٹک رہی ہے

عالمی فٹ بال پر اگرچہ پاکستان کے مستقبل پر مسلسل سوالیہ نشان ؟ لگا ہوا ہے اور ایشین فٹ بال کنفیڈریشن نے بھی فٹ بال کی عالمی تنظیم کے قواعد و ضوابط میں چھیڑ چھاڑ پر عالمی سطح پر پاکستانی فٹ بال کے مستقبل کو غیرمحفوظ قرار دیا ہوا ہے لیکن اس کے باوجود سید فیصل صالح حیات ایشین فٹبال کنفیڈریشن کے بلامقابلہ نائب صدر منتخب ہوگئے۔ پاکستان فٹ بال کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے جب کسی پاکستانی کو پہلی بار اے ایف سی کا بڑا عہدہ حاصل ہوا ہے یہ یقیناً پاکستانی فٹ کا ایک تاریخ ساز ریکارڑ بن گیا ہے۔ ایشین فٹ بال کنفیڈریشن کے انتخابات اگرچہ اپریل کے پہلے ہفتے میں ہونا ہیں لیکن اس سے قبل فیصل صالح حیات کے مقابلے میں امیدوار نہ کھڑا کیا جانا بھی اے ایف سی کے اراکین کا ان پر اعتماد کا مظہر ہے۔ اے ایف سی کے باضابظہ انتخابات 6اپریل کو کوالالمپور میں ہوں گے جس کے امیدواروں کی باضابطہ فہرست جاری ہوچکی ہے۔ کاغذات نامزدگی داخل کئے جانے کا مرحلہ گزر چکا ہے۔ اے ایف سی الیکشن کیلئے جاری کی جانے والی فہرست کے مطابق سائوتھ زون سے سید فیصل صالح حیات کے مقابل کوئی امیدوار کھڑا نہیں ہوا۔ یہ پہلا مرحلہ تھا جس میں بلامقابلہ منتخب کئے جانے والے امیدواروں کا اعلان کردیا گیا ہے۔ اس کے بعد بقیہ انتخابی مرحلہ مکمل ہوتے ہی منتخب اراکین کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔ پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے ہونے والے انتخابات میں سید اشفاق حسین پی ایف ایف کے صدر منتخب ہوئے جبکہ سید فیصل صالح حیات نے الیکشن میں حصہ نہیں لیا۔ فٹ بال کی عالمی تنظیم (فیفا) اور اے ایف سی نے الیکشن میں تیسرے فریق کی مداخلت قرار دیتے ہوئے پی ایف ایف کی نومنتخب باڈی کو تسلیم نہیں کیا جس کے باعث پاکستان پر عالمی فٹ بال سے معطلی کی تلوار لٹک رہی ہے۔ ان حالات میں سید فیصل صالح حیات کا بطور نائب صدر اے ایف سی انتخاب بڑی اہمیت کا حامل ہے۔ جنگ سے گفتگو میں سید فیصل صالح حیات نے اے ایف سی کے نائب صدر کے انتخاب کو اپنے لئے اعزاز قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ نہ صرف ایشیا بلکہ پاکستان میں فٹبال کے فروغ کیلئے کام کرنے کا موقع ملے گا۔ اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ کنفیڈریشن کے بینر تلے پاکستانی کھلاڑیوں، کوچز اور ریفریز کو سہولیات کی فراہمی کیلئے زیادہ بہتر خدمات فراہم کرسکیں گے۔ پی ایف ایف کے انتخابات کروائے جانے سے قبل 8ماہ میں پاکستان فٹبال مسلسل بہتری کی جانب گامزن رہا اس سلسلہ کو ختم کر دیا گیا جس سے ریورس گیئر لگ گیا۔  

تازہ ترین
تازہ ترین