• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تفہیم المسائل

کمیونٹی ہال میں نمازِ تراویح کا اہتمام کرنا

سوال:۔ ہماری کالونی میں ساڑھے تین سو فلیٹ ہیں ، ایک کمیونٹی ہال ہے ،جس میں شادی کی تقریبات بھی ہوتی ہیں اور کالونی میں رہنے والے ہندو مذہب کے لوگ بھی شادی اور دوسری مذہبی رسومات اس ہال میں کرتے ہیں ۔کالونی میں مسجد بھی ہے ،رمضان المبارک میں کچھ لوگ تیرہ روزہ تراویح کی جماعت اس ہال میں کرتے ہیں ۔کیا ہال میں تراویح پڑھنا جائز ہے ؟ (رؤف خان ،کراچی)

جواب:۔ عموماً سہ روزہ ،پانچ روزہ ،دس روزہ یا اسی طرح مختصر دنوں کے لیے نمازِ تراویح کا اہتمام پارک، میدان،ہال وغیرہ میں کیاجاتا ہے، اگر قرآن صحیح پڑھا جائے ،الفاظ کی ادائیگی صحیح ہو اور سننے والے کی سمجھ میں آئے ،تو شرعی طورپر کوئی قباحت نہیں ہے،لیکن شاہراہِ عام پر نہ پڑھی جائے۔البتہ مسجد کا ثواب حاصل نہیں ہوگا ۔علامہ نظام الدین ؒ لکھتے ہیں:ترجمہ:’’ اگر اپنے گھر میں جماعت کے ساتھ تراویح پڑھے ، تو اس میں مشایخ کا اختلاف ہے اور صحیح یہ ہے کہ گھر میں جماعت کی فضیلت ہے اور مسجد میں (جماعت سے )پڑھنا دوسری فضیلت ہے ،پس اگر گھر میں جماعت سے تراویح پڑھے گا تو جماعت سے اداکرنے کی فضیلت مل جائے گی اور دوسری(یعنی مسجد کی) فضیلت چھوٹ جائے گی ،امام ابوعلی نسفی کا بھی یہی قول ہے اور صحیح یہ ہے کہ تراویح کامسجد میںبا جماعت ادا کرنا افضل ہے ‘‘۔ (فتاویٰ عالمگیری ، جلد1،ص:116)

مذکورہ کمیونٹی ہال میں نمازِ تراویح پڑھنے میں شرعاً قباحت نہیں ہے،لیکن جب قریب مسجد موجودہے اوروہاں تراویح کا اجتماع ہوتا ہے ،تو مسجد کی فضیلت کھونا اور مسجد میں نمازیوں کی تعداد کم ہوجانا دونوں ثواب سے محرومی کا باعث ہیں ۔تراویح پورے ماہِ رمضان کی سنّت ہے ، ختمِ قرآن خواہ کسی دن ہوجائے ،بقیہ دنوں کی تراویح بھی باقاعدگی سے پڑھنا سنت مؤکدہ ہے ۔تاہم اگر ہال کی صفائی کرکے وہاں نماز باجماعت پڑھی جائے ،تو نماز صحیح طورپر اداہوجائے گی ،غیر مسلموں کے وہاں تقریبات منعقد کرنے سے نماز کے جواز پر کوئی اثر مرتّب نہیں ہوتا۔پوری زمین اگر خشک ہے اور اس پر کوئی ظاہری اور محسوس ومُبْصر (نظر آنے والی) نجاست نہیں ہے ،تو وہ زمین پاک ہے ، رسول اللہ ﷺ نے دیگرانبیائے کرام علیہم السلام پر اپنے چھ فضائل بیان فرمائے ۔ ان فضائل کابیان کرتے ہوئے آپ ﷺ نے فرمایا:ترجمہ:’’ میرے لیے پوری زمین مسجد اور پاک بنادی گئی ہے،سومیری اُمّت میں جس شخص کے لیے نماز کا وقت آجائے ،وہ (جہاں کہیں بھی ہو) نمازپڑھ لے ‘‘۔(صحیح بخاری:436)

زمین پر مسلم کافر غرض انسان حیوانات سب چلتے ہیں ،تو محض ان کے چلنے سے زمین ناپاک نہیں ہوتی ، بلکہ خشک زمین پاک کے حکم میں ہے ،تاوقتیکہ اس پر کوئی نظر آنے والی نجاست نہ ہو ۔فرض کریں زمین پر کسی نے کسی جگہ پیشاب کیا اور دھوپ پڑنے سے وہ بخارات بن کر اُڑگیا یازمین میں جذب ہوگیا اور زمین خشک ہوگئی ،تو زمین پاک ہے ۔

تازہ ترین