• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مشہور مصنف اور موٹیویشنل اسپیکر برائن ٹریسی کے مطابق جب آپ کو اپنے کیریئر کے حوالےسے مشکلات کا سامنا ہوتو آپ سیلز کے شعبے میں آجائیں۔ گریجویشن یا ماسٹر کے بعد نوجوان اپنا کیریئر بنانے کے لیے سیلز کے شعبے میں آتے ہیں اور پھر اپنی صلاحیتوں سے کمپنی کو فائدہ پہنچاکر اپنے کیریئر کو بلندی پر لے جاتےہیں۔ تاہم دنیا کے سرفہرست سیلز پروفیشنلزز اعتراف کرتے ہیں کہ ان کا سیلز انڈسٹری میں آنے کاقطعی کوئی ارادہ نہیں تھا لیکن وہ ایک بار جوائن کرنے کے بعد اسے چھوڑنے کا فیصلہ نہ کرسکے۔ سیلز پرسن بننے اور اس شعبے میں کیریئر بنانے کی کئی وجوہات ہیں۔

بہتر آمدنی کے مواقع

بہت ہی کم شعبے یا کیریئر ز ایسے ہیں جہاں آمدنی کے زیادہ مواقع دستیاب ہوں، سیلز ان میں سے ایک ہے۔ اگرچہ تمام انڈسٹری میں سیلزکے شعبے میں اچھی تنخواہ اور مراعات کی پیشکش نہیں کی جاتی مگر اکثریت میں کی جاتی ہے۔ سب سے اہم نکتہ یہ ہےکہ سیلزکے شعبے میںآپ کی آمدنی کا انحصار آپ کی پرفارمنس پر ہوتا ہے۔ سیلز پرسن کو ماہانہ ، سہ ماہی ، شش ماہی اور سالانہ ٹارگٹ دیا جاتا ہے اور اگروہ انھیں پورا کرتا ہے تو کمیشن، سہ ماہی یاسالانہ بونس، سیروتفریح کے مواقع، انعامات اور دیگر ترغیبات کا حقدار ٹھہرتا ہے۔ سیلز کے لوگوں کو کمپنی کا ریونیو بڑھانےکیلئے ملازمت دی جاتی ہے۔ اگر سیلز کا شعبہ صحیح کام نہیں کرتا تو ادارے کو مالی نقصان اُٹھانا پڑسکتا ہے، اسی لیےمالکان سیلز اور ریونیو کو بڑھانےکے لیے سیلز کے لوگوں کو ترغیبی مراعات دیتے ہیں، جو زیادہ ترمالی فوائد پر مشتمل ہوتی ہیں۔

اپنی مرضی کا شیڈول

فیلڈ میں کام کرنے والے سیلزآفیسر ز اپنی مرضی یا آسانی کے مطابق شیڈول بناکر کام کرتے ہیں لیکن یہ لچک کام کےلحاظ سے مختلف نوعیت کی ہوتی ہے۔ زیادہ تر سیلز پرسنز کو اپنے روزانہ کے شیڈول پر عمل اور ہدف کو پورا کرنا ہوتاہے، اس کےسا تھ کام کے دوران ہونےوالی سرگرمیوں اور ٹریننگ کے سیشن کو بھی اٹینڈ کرنا پڑتاہے۔ وہ سیلز پرسنز جو وقت ضائع نہیں کرتے اور کاروبار کے فروغ کیلئے دل و جان سے کام کرتے ہیں، ان کو اپنی محنت اور لگن کا زبردست فائدہ ہوتاہے۔ اس قسم کے سیلز پرسنز کو ایک جگہ بیٹھ کر کام کرنے کی پیشکش کی جائے تو یہ اسے مسترد بھی کرسکتے ہیںکیونکہ وہ اپنے اس کام سے لطف اندوز ہوتے ہیں اور اس معاملے میں کسی قسم کا بھی سمجھوتہ نہیں کرتے۔ وہ اپنے سیٹ کیے ہوئے شیڈول پر عمل کرتے ہوئے دیے گئے ٹارگٹ کو پورا کرتے ہیں۔

روزگار کی ضمانت

جس قدر آپ خود کو اپنے مالک یا مینجمنٹ کیلئے قابل قدر اور قابل بھروسہ بناتے ہیںاتنا ہی ان کے لیے آپ کا متبادل لانا یا آپ کو ملازمت سے فارغ کرنا مشکل ہو جاتاہے۔ البتہ اگر معاشی حالات خراب ہیں، بزنس کاگراف گر رہاہے یا مالک کمپنی بند کرنا چاہتا ہے تو پھر آپ کی قدر شاید اتنی معنی نہیں رکھے گی۔

کچھ یہی معاملہ سیلز پروفیشنلز کا بھی ہے۔ ایک ڈوبتے ہوئے بزنس میں کامیاب سیلز پرسنز کو ملازمت سے سب سے آخر میں فارغ کیا جاتا ہے کیونکہ پہلےنکال دینے کا مطلب ہے کہ کمپنی کو جو ریونیو ہورہا ہے وہ بھی بند ہو جائےگا اور جتنی دیر بزنس کو چلنا تھا، تو وہ بھی نہیں چل پائے گا۔

ملازت کی ضمانت ان لوگوں کو حاصل ہوتی ہے جو بہت زیادہ تجربہ کا رہوں۔ کوئی بھی کاروبار چاہے وہ مصنوعات کی فروخت کا ہویا خدما ت کی فراہمی کا، اسے سیلز کے جہاندیدہ اور مؤثر لوگوں کی ضرورت ہر وقت ہوتی ہے تاکہ کمپنی کا ریونیو بڑھایا جاسکے۔ اگر آپ ایک اچھے سیلز پرسن ہیں تو آپ کی مارکیٹ میں بہت قدر ہوگی پھر آپ موجودہ کمپنی میں رہیں یا کہیں اور، آپ کو ہاتھوں ہاتھ لیا جائے گا۔

مسابقت

وہ کونسا ادار ہ یا شعبہ ہے جہاں مسابقت نہ ہو اور جہاں کوئی مقابلے پر نہ ہو، وہاں خود سے ہی مقابلہ کرنا پڑتاہے تاکہ بہتر سے بہتر کی جستجو کی جاسکے۔ اپنی صلاحیتیں بروئے کار لاتے ہوئے اپنی حریف کمپنیوں کو پچھاڑنا، اپنے کسٹمرز کی تعداد میں اضافہ کرنا اور کمپنی کے مسائل کو حل کرنے جیسے کام آپ کو کیریئر کی بلندیوں پر لےجاسکتے ہیں۔ آپ کو اس وقت بڑی خوشی ملتی ہے جب آپ ایک زبردست قسم کی ڈیل کو فائنل کرتے ہیں اور بونس کی صورت میں اپنی آمدنی میں اضافہ کرتے ہیں۔ اس طرح آپ کی جاب کو تحفظ بھی ملتا ہے اور مینجمنٹ سے تعریفی کلمات بھی سننے کو ملتے ہیں۔

پیشہ ورانہ سیلز پرسن کیلئے جذباتی اور مالی ترغیبات کی رینج بھی ان کے کام کے حوالے سے مختلف ہوتی ہے اور ضروری نہیں کہ سیلز کی دنیا میں ہر عہدے پر کام کرنے والوں کو ایک جیسی مراعات ملیں۔ آپ جس قدر کمپنی کو سیلز ریونیو دیں گے، اتنا ہی زیادہ آپ پر انعام و اکرام کی بارش ہوگی۔ لہٰذا محنت اور لگن سے کام کرکے ادارے اور خود کو فائدہ پہنچائیں۔

تازہ ترین