• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آسکرایوارڈ کی تقریب کا سنتے ہی ریڈ کارپٹ پر جلوے بکھیرتی سیلیبرٹیز کا تصور ذہن میں آتا ہے جو کہ منفرد، خوبصورت اور فیشن زدہ لباس میں اس تقریب کا حسن دوبالا کردیتی ہیں ۔ فروری کے آخری ہفتے میں امریکی شہر لاس اینجلس میں منعقدہ 91ویں آسکرایوارڈ کی تقریب کے خوب چرچے ہیں، جس میں بڑے پیمانے پر شوبز سیلیبرٹیز نے شرکت کی۔ لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ وہ کونسا منفرد رنگ تھا، جسےفلمی دنیا کے سب سے بڑے اکیڈمی ایوارڈ (آسکر) کی تقریب میں خاص اہمیت حاصل رہی؟ اگر جواب میں آپ کے ذہن میں سیاہ رنگ آیا ہے تو جان لیجیے کہ ایسا نہیں ہے۔ اگرچہ سیاہ ایک ایسا رنگ ہے، جس کا فیشن کبھی پرانا نہیں ہوتا، کسی بھی وقت اور تقریب میں اس رنگ کو زیب تن کیا جاسکتا ہے، جو پہننے والے کو جاذب نظر بنانےمیں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ رواں برس اکیڈمی ایوارڈ کی تقریب میں سیاہ رنگ لیڈی گاگاکے علاوہ چند سیلیبرٹیز کا ہی انتخاب بنا۔ اس کے بجائے گلابی رنگ (شاکنگ پنک) آنکھوں کو خیرہ کرتا نظر آیا۔ تیز اور ہلکے گلابی رنگ کے گاؤن فلمی دنیا کے کئی عظیم ترین ستاروں نے زیب تن کیے۔ آئیے ایک نظر ڈالتے ہیں ان مشہور و معروف سیلیبرٹیز پر، جنھوں نے مشہوزمانہ آسکر ایوارڈ کی تقریب میں اس رنگ سے اپنے حسن کے جلوے بکھیرے۔

جولیا رابرٹس

آسکرایوارڈ کی تقریب کے آخری لمحات میں ’بیسٹ فلم‘ کیٹیگری کا ایوارڈدینے کے لیے51سالہ خوبصورت اداکارہ جولیا رابرٹس کو اسٹیج پر بلایا گیا۔ گلابی رنگ کا ون سائیڈ شولڈر گاؤن زیب تن کیے جولیا رابرٹس کی اسٹیج پرشانداراندازمیں آمد ہوئی۔ حاظرین اور ناظرین گویا لمحوں کے لیے ان کی خوبصورتی کےسحر میںجکڑ گئے۔ ایوارڈ تقریب میں پہناگیا یہ خوبصورت اور اسٹائلش ’شاکنگ پنک گاؤن‘ لبنانی فیشن ڈیزائنرایلے صاب (Elie Saab)کا ڈیزائن کردہ تھا۔ گلابی گاؤن کے ساتھ انھوں نے ایئررنگ اور بریسلٹ کے لیے تائیوان کے معروف جیولری ڈیزائنر سنڈی چاؤ (Cindy Chao) کی ہیرے کی نفیس جیولری کا انتخاب کیا جبکہ گاؤن سے ہم رنگ گلابی ہیل معروف کمپنی سے خاص طور تیار کروائی گئی تھی۔

سارہ پولسن

آسکر ایوارڈمیں سارہ پولسن اپنے پفی اور کلاسیکل سنڈریلا طرز کے گاؤن میں مداحوں کا دل جیتنے میں کامیاب ہوگئیں۔ خصوصی تقریب میں پہننے کے لیے سارہ پولسن نے پنک رنگ کے گاؤن کا انتخاب کیا۔ پیراشوٹ اسٹائل میں ڈیزائن کردہ یہ گاؤن امریکن فوٹوگرافر اور ڈیزائنر برانڈن میکس ویل کا تیار کردہ تھا۔ اس کے علاوہ سارہ کی خوبصورت صراحی دار گردن میں چمکتا ہیرے کا ہار، کانوں میں پہنےچھوٹے چھوٹے ایئررنگ، سادہ سا ہیئر اسٹائل اور نیچرل میک اَپ انھیں ایک پرفیکٹ انداز دے رہا تھا۔

لنڈا کارڈیلینی

43سالہ امریکی اداکارہ لنڈا کارڈیلینی نے بھی آسکر ایوارڈ کی تقریب کے لیے معروف فیشن کمپنی کا تیار کردہ گہرے اور شوخ گلابی رنگ کا انتخاب کیا۔ یہ منفرد لباس فلفی (پھولا پھولا) اسٹائل کے ہمراہ پیسٹل پنک بو کے ساتھ تیار کیا گیا تھا۔ لنڈا اپنی فٹنس اور خوبصورتی کے سبب اس منفرد انداز کے گاؤن میں بھی خاصی دلکش لگ رہی تھیں۔ واضح رہے کہ اس ڈریس کے منفرد اسٹائل کے سبب لنڈا کو تعریف کے ساتھ ساتھ تنقید کا سامنا بھی کرنا پڑا۔

کیسی مُسگریوز

خوبصورت، حسین اور دلکش امریکی گلوکار اور سونگ رائٹر کیسی مُسگریوز (Kacey Musgraves) نے بھی دیگر عظیم فنکاراؤں کی طرح آسکر ایوارڈ کی تقریب کو چار چاند لگانے کے لیےگلابی رنگ زیب تن کیا۔ تاہم یہ رنگ دیگر اداکاروں سے قدرے مختلف اور منفرد انداز لیے ہوئے تھا۔ آسکر کے لیے کیسی مُسگریوز نے اطالوی فیشن ڈیزائنر Giambattista Valli سے گاؤن تیار کروایا، جس کے لیے ڈیزائنر نے tulle(ریشمی جالی دار ) فیبرک کا انتخاب کیا، ساتھ ہی گاؤن کی پھولی ہوئی آستین دور سے بھی خاصی دلکش لگ رہی تھیں۔ گلے میں گاؤن کے فیبرک سے ہم رنگ بیلٹ باندھا گیا تھا۔ آسکر تقریب میں ہلکے گلابی رنگ کا خوبصورت لیئر والا گاؤن پہنے کیسی مُسگریوز کسی شہزادی سے کم نہیں لگ رہی تھیں۔

اس کے علاوہ آسکر کی تقریب میں 73سالہ ہیلن میرن بھی توجہ کا مرکز بنی رہیں انہوں نے گلابی رنگ کا گائون پہنا تھا ۔

تازہ ترین