• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

باغبانی کا شوق تو ہم میں سے کئی افراد رکھتے ہوں گے اور اس شوق کی تکمیل کے لیے کچھ لوگ صحن تو کچھ پورچ، چھت،کچن یا پھر خوابگاہ کا انتخاب کرتے ہیں۔ ان جگہوں کو خوبصورت پھول پودوں سے بھر کر نہ صرف گھر کی خوبصورتی بڑھائی جاتی ہے بلکہ صحت پر بھی مفید اثرات مرتب کیے جاسکتے ہیں۔ آج ہم قارئین کو باغبانی کا جنون رکھنے والی ایک ایسی شخصیت سے متعارف کروانے جارہے ہیں، جس نے گھر کے ایک یا دو پورشن ہی نہیں بلکہ اپنا پورا اپارٹمنٹ ہی باغبانی کے لیے مختص کیا ہوا ہے۔ جی ہاں! ماڈل، رائٹر اور ماحولیاتی کارکن سمر رینی اوکس کے بروکلین کے اپارٹمنٹ میں دو چار نہیں بلکہ 700پودے ہیں،ہے نا حیران کن بات! کیونکہ بطور شہری باشندے کے، گھروں میں لگے چند پودوں کی حفاظت ہی (مناسب سورج کی روشنی اور جگہ کی کمی کے سبب) خاصا مشکل معلوم ہوتاہے۔ ایسے میں بروکلین ولیم برگس میں مقیم ماڈل رینی اوکس کا یہ اپارٹمنٹ کسی حیرت کدہ سے کم نہیں ۔

سمر رینی اوکس کا اپارٹمنٹ 1200مربع فٹ کے احاطے پر محیط ہے۔ اگر اس اپارٹمنٹ کا رخ کیا جائے تو جو چیز سب سے پہلے آپ کا استقبال کرے گی، وہ پودے ہوں گے اور اپارٹمنٹ کے آخر تک صرف یہی پودے آپ کو نظر آئیں گے۔اپارٹمنٹ کے بیڈروم ،لیونگ روم اورکچن ہی نہیں بلکہ ہر کونے میں خوبصورت پودے ہی موجود ہیں۔ جب 1200مربع فٹ کی یہ جگہ سمر رینی اوکس کو کم محسوس ہونے لگی تو انہوں الماریوں کی درازوں میں بھی پودے اُگانا شروع کر دیئے، ہر آنے والا سال ماڈل سمر رینی کے اپارٹمنٹ کے پودوں کی تعداد میں اضافہ کرتا ہے۔

اس شوق کی وجہ بتاتے ہوئے سمر رینی اوکس نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا،’’میری پرورش دیہاتی علاقے میں ہوئی جسے میں کبھی بھلا نہیں سکتی۔ آج بھی اس ہرے بھرے ماحول کو، جہاں میرا بچپن گزرا، بے حدیاد کرتی ہوں۔شہر میں گاؤں کے ماحول کو یاد رکھنے اور شہر میں ہی نخلستان بنانے کے لیےمیں نے اپنے اپارٹمنٹ کو پودوں سے بھر دیا۔13سال قبل مجھے احساس ہوا کہ کیوں نہ انڈور گارڈن بنایا جائے، جس کے بعد میں نے اپارٹمنٹ کے مالک سے اجازت لی اور انھوں نے مجھے مکمل آزادی دی کہ جس طرح چاہیں اس لائف اسٹائل کے ساتھ اپارٹمنٹ میں رہیں۔ میرے اپارٹمنٹ کا پہلا پوداFiddle leaf ficusتھا، جب میں اسے گھر میں لائی تب یہ صرف 3فٹ اونچا تھا۔ آج اس پودے کی شاخیں میرے بیڈروم کی چھت تک پہنچ گئی ہیں اور یہ شاخیں بیڈروم کی چھت پرایک خوبصورت سائبان کی طرح لپٹی ہوئی ہیں۔اوکس نے بیڈروم کی ایک دیوار کو عمودی باغبانی (ورٹیکل گارڈننگ) کے لیے منتخب کیا ہوا ہے جبکہ ان کے اپارٹمنٹ کا چھوٹا سا ڈرائنگ روم ایریا بھی باغبانی کے شوق کی جھلک دکھاتا ہے، جہاں ڈائننگ ٹیبل کے عقبی حصے کو گارڈننگ کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔ اسٹڈی روم کا رخ کیا جائےتو وہاں موجود شیلف بھی پودوںسے خالی نہیں۔ پودوں کی بڑھتی شاخیں شیلف کے اردگرد پھیلی ہوئی ہیں، جو ایک پرسکون اور متاثر کن ماحول پیدا کرتی ہیں ۔ اوکس کے دوست ان کے اپارٹمنٹ کو ان ڈور جنگل سے تشبیہ دیتے ہیں ۔

اوکس کا کہنا ہے کہ اگر وہ اپارٹمنٹ کی کوئی دیوار خالی دیکھ لیں تو انھیں بے چینی سی محسوس ہوتی ہےاور اس دیوار کو جب تک پودوں سے ڈھانپ نہ دیں، انھیں اچھا محسوس نہیں ہوتا۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ پودے ہمیں فطرت سے قریب کرتے ہیں۔ پودے اور سبزے میں یہ خاصیت ہوتی ہے کہ ان کے پاس یا ان کے اردگرد صرف چند لمحے بیٹھ کر ہی آپ کی تھکاوٹ دور ہو جاتی ہے اور آپ اپنے آپ کو پھر سے تازہ دم محسوس کرنے لگتے ہیں۔

باغ ہو ،بالکنی ہو یا پھر گھر کا کوئی بھی حصہ، پودوں کو پانی دینا وقت طلب کا م ہے۔ لیکن اوکس نے اپنے پودوں کو اس ترتیب سے رکھا ہوا ہے کہ انھیں پانی دینے میں صرف 15سے 30منٹ لگتے ہیں۔یہ ترتیب کم پانی اور کم وقت میں اوکس کے لیے آسانی پیدا کرتی ہے۔ان پودوں کو 150فٹ لمبے پائپ سے پانی دیا جاتا ہے۔

اوکس نے پودوں کی معلومات سے متعلق ایک ویب سائٹ بھی بنائی ہوئی ہے، جہاں وہ پودوں کے شوقین افراد کو مشورے دیتی ہے۔ اوکس اپنے اپارٹمنٹ میں نت نئی اسپیشزاور پودوں کےاضافے ا ور ا ن سے متعلق نت نئے تجربات میں خاصی دلچسپی رکھتی ہیں۔ ان کے اپارٹمنٹ میں150اسپیشز موجود ہیں، جو اس بات کا ثبوت ہیں کہ باغبانی کا شوق رکھنے والے افراد جگہ کی کمی کے باوجود کہیں بھی کسی بھی جگہ کو ہرے بھرے ماحول میں تبدیل کرسکتے ہیں۔ ان دنوں اوکس کیکٹس کی قسم Rhipsalis and Epiphyllumپر تجربات میں مگن ہیں۔ ماڈل اور رائٹر کے مطابق وہ اپنی ویب سائٹس پر دیے گئے مشوروں کے ذریعے عام انسان کو اس بات پر قائل کرنا چاہتی ہیں کہ انسان چاہے جس ماحول میں بھی رہے، اپنے گھر میں اور اپنے علاقے میں ویسا ہی ماحول بنا سکتا ہے جیسی وہ خواہش رکھتا ہو۔

تازہ ترین