• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آسمان سے باتیں کرتی زمین کی قیمتوں اور گھر بنانے کے مہنگے مٹیریل نے لوگوں کو چھوٹے مگر پرتعیش گھروں کی تعمیر کی طرف راغب کرنا شروع کردیاہے۔ آج کل تو ویسے بھی minimalistکا ٹرینڈ ہے یعنی گھر پر کم سے کم سامان ہونا چاہئے ، تاکہ وہ آپ کی توانائی کو اپنے اندر جذب نہ کرتارہے۔ ٹیکنالوجی بھی سکڑ کر چھوٹی ہوتی جارہی ہے، ٹی وی، فریج، اے سی وغیرہ بھی اب کم جگہ گھیرتے ہیں، اسی لیے اب چھوٹے گھروں کا تصور زور پکڑ رہاہے۔ یہ حقیقت ہے کہ کچھ لوگ آسائش اور سہولیات کی وجہ سے بڑے گھر پسند کرتے ہیں، مگر چھوٹے گھر بھی اچھے بنائے جاسکتے ہیںاور ان میں وہ تمام لوازمات موجود ہو سکتے ہیں، جو ایک پر تعیش گھر میں ہوتے ہیں۔ چھوٹا گھرخاص طور پر چھوٹی فیملی کیلئے آئیڈیل ہو سکتا ہے، جسے صاف رکھنا اور منظم کرناکہیں زیادہ آسان ہے اوراس کی ہر چیز آپ کی دسترس میں ہوتی ہے۔ اس کے علاوہ سوچ سمجھ کر رکھے گئے اچھے فرنیچر سے آپ اپنے گھر کو وضع دار بناسکتے ہیں۔چھوٹے خاندان ہمیشہ ایسے گھر کی تلاش میں ہوتے ہیں، جو اسٹائلش ہونے کے ساتھ ساتھ آرام دہ بھی ہوں۔ گھر کا اسٹائل نیا یا پرانا کیسا بھی ہوسکتا ہے۔ تھائی لینڈ میں آپ کو دلکش اسٹائل کے بہت سے چھوٹے گھر نظر آئیں گے، جو وہاں کے ڈیزائنزز اور انٹیریئر ڈیکوریٹرز نے ثابت کر دیا ہے کہ چھوٹے گھر بھی تھوڑی سے محنت کے بعد خوبصورت اور دلکش بن سکتے ہیں۔

ایک چھوٹے گھرمیں آرام کرنے کی جگہ اور چھوٹی سی لائبریری یا پڑھائی کرنے کی جگہ سے لے کر کچن تک آپ کی ضرورت کی ہر شے شامل ہوسکتی ہے۔ ٹیرس بھی ہوسکتا ہے، جہاںآپ آرام کرتے ہوئے تازہ ہوا، دھوپ یا ستاروں سے لطف اندوز ہوسکتے ہیں۔گھر کے بیرونی گیٹ کے ساتھ اندر پارکنگ کی جگہ بھی بنائی جاسکتی ہے جبکہ گیراج اور گھر کی درمیانی جگہ پر نفاست سے تراشیدہ سبزیوں کا باغ بنایا جاسکتا ہے۔

اگر آپ چاہتے ہیں کہ آپ کا گھر بڑا یعنی دو کمروں،ایک دالان، کچن اور واش روم پر مشتمل ہوتو پھر آپ ماہر تعمیرات کی خدمات حاصل کریں، جو کم سے کم لاگت میں ایک عمدہ گھر تعمیر کرنے کی صلاحیت رکھتا ہو۔ اس کے تعمیر کردہ گھر میں وہ تمام سہولیات موجود ہوںگی، جو آپ چاہتےہیں۔

کسی بھی گھر میں داخل ہونے کے لئے ہم بیرونی دروازے کا استعمال کرتے ہیں۔آج کے جدید دور میں عام طور پر بیرونی دروازے پر دو گیٹ استعمال کیے جاتے ہیں۔ پیدل گزرنے والوں کے لئے چھوٹا گیٹ اور گاڑی وغیرہ گزارنے کے لئے بڑا گیٹ۔ لوہے کی سلاخوں پر مشتمل گیٹ گھر کے اندرونی منظر کو واضح کرتاہوا ایک دلکش انداز دیتاہے۔ اس انداز کے گیٹ سے پرائیویسی متاثر ہو سکتی ہے لیکن پھر بھی بہت سے لوگ اس انداز کو بہت پسند کرتے ہیں۔

گھر کے بیرونی حصے کو مزید خوشگوار اوردلفریب بنانے کے لئے اس میں خوبصورت پھولوں والے پودے لگائے جاسکتے ہیں۔ اس کے علاوہ خوبصورت لکڑی کے مرکزی دروازے کے ساتھ سر سبز پودوں اور پھولوں والے گملے لگائے جاسکتے ہیں، یہ بیرونی حصے میں ایک دلکش و قدرتی اضافہ کر دے گا۔ اگر گھر کے مرکزی دروازے کے ساتھ جگہ موجود ہو تو ایک چھوٹی سی پھولوں کی کیاری ڈیزائن کریں، جس میں لگے رنگ برنگے دلکش پھول آنے والے مہمانوں پر ایک اچھا تاثر چھوڑیں گے۔

آپ اپنے گھر کے بیرونی حصے کو خوبصورت بنانے کے لئے اسٹائلش سی دیوار بھی تعمیر کرواسکتے ہیں۔ اس مقصد کے لئے مارکیٹ میں نت نئےا سٹائل کا تعمیراتی مٹیریل موجودہے۔ اپنے گھر کو خوشنما بنانے کے لئے اس کے بیرونی حصوں پر ہلکے رنگ کا رنگ و روغن کروائیں۔ رنگوں کے انتخاب آپ اپنی مرضی کے مطابق کرسکتےہیں یا کسی انٹریئر ڈیزائنر سے مشورہ لے سکتے ہیں ۔

گھر چھوٹا ہے اور آپ نے اسے سامان سے بھر لیا ہے تو آپ کو اپنی زندگی مشکل لگنے لگے گی۔ چیزوں کو کم پیچیدہ بنانے کا ایک طریقہ گھر کے اندر کے ماحول کو بہتر بنانا ہے تا کہ نفاست پر سمجھوتہ کئے بغیر گھر کو فعال اور جھنجٹ سے دور رکھا جا سکے۔ ایسا کرنے کا سب سے آسان طریقہ فالتو سامان سے نجات حاصل کرنا ہے۔ آسانی کی طرف پہلا قدم استعمال میں نہ آنے والی اشیا کو باہر نکالنا ہے ،چاہے ان کی حالت کیسی بھی ہو یا وہ کتنے ہی بیش قیمت کیوں نہ ہوں۔

تازہ ترین