• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈیلپورٹ، آصف علی اور والٹن کی دھواں دار بیٹنگ کی بدولت اسلام آباد یونائیٹڈ نے لاہور قلندرز کو جیت کے لئے 239 رنز کا مشکل ترین ہدف دے دیا۔

پی ایس ایل کی تاریخ میں اب تک یہ سب سے بڑا ہدف ہے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 238 رنز بنائے۔

کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں پی ایس ایل فور کے 27 ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی اننگز کا آغاز مایوس کن رہا اور صفر پر ان کے قابل اعتماد بیٹسمین لیوک رونکی بغیر کھاتہ کھولے پویلین لوٹ گئے۔

ابھی اسکور 32 ہی ہوا تھا کہ فلپ سالٹ 10 رنز کی اننگز کھیل کر لامی چھانے کا شکار ہوگئے۔

اس موقع پر ڈیلپورٹ اور نئے آنے والے بیٹسمین والٹن نے نا صرف وکٹیں گرنے کے سلسلے کو روکا بلکہ تیزی کے ساتھ رنز بنائے، اس دوران ڈیلپورٹ نے اپنی نصف سنچری مکمل کی۔

دونوں بیٹسمینوں نے تیسری وکٹ کی شراکت میں 118 رنز بنائے، والٹن 23 گیندوں پر 48 رنز کی برق رفتار اننگز کھیل کر وائز کی گیند پر کلین بولڈ ہوئے۔

ڈیلپورٹ کا بیٹ مسلسل رنز اگلتا رہا اور صرف 49 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے سنچری جڑ دی۔

ڈیلپورٹ نے 117 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، جس میں 6 چھکے اور 13 چوکے شامل تھے۔

دوسری جانب آصف علی نے بھی برق رفتار ناقابل شکست اننگز کھیلی، وہ 21 گیندوں پر 6چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے 55 رنز بناکر ناٹ آؤٹ پویلین لوٹے۔

آصف علی نے 17 گیندوں پر نصف سنچری بناکر پی ایس ایل میں کامران اکمل کی تیز ترین نصف سنچری کا ریکارڈ برابر کردیا۔

اسلام آباد یونائیٹڈ نے مقررہ اوورز میں 239 رنز بنائے جو پی ایس ایل کی تاریخ کا سب سے بڑا اسکور ہے، اس سے پہلے لاہور قلندر نے اسی سیزن میں 204 رنز بنائے تھے۔

لاہور قلندرز کا کوئی بھی بولر متاثر کن بولنگ نہ کرسکا، شاہین شاہ آفریدی سب سے مہنگے بولر ثابت ہوئے، انہوں نے 62 رنز دے کر ایک وکٹ لی، جبکہ لامی چھانے اور وائز کے حصے میں بھی ایک، ایک وکٹ آئی۔


لاہور قلندرز کی ٹاس جیت کر فیلڈنگ

پی ایس ایل سیزن فور کے 27 ویں میچ میں لاہور قلندرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ہے۔

پوائنٹس ٹیبل پر اسلام آباد یونائیٹڈ 8 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے جبکہ لاہور قلندرز 6 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے۔

پی ایس ایل 4 کے پہلے پلے آف مرحلے کے لیے دو ٹیمیں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی کوالیفائی کرچکی ہیں، جب کہ دو ٹیموں کا انتخاب باقی ہے، جس کے لئے کراچی کنگز، اسلام آباد یونائیٹڈ اور لاہور قلندرز کے درمیان مقابلہ ہے۔

متحدہ عرب امارات کے بعد کراچی میں پاکستان سپر لیگ 2019ء کے سنسنی خیز مقابلوں کا آغاز ہوگیا ہے، شہر میں میلے کا سماں ہے اور کرکٹ شائقین کا جنون بھی عروج پر ہے۔

ایونٹ کو کامیاب بنانے کے لیےانتظامیہ کی جانب سے بھرپور تیاریاں اور سیکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں، 13 ہزار سیکیورٹی اہلکار نیشنل اسٹیڈیم اور اس کے اطراف حفاظتی ذمہ داریوں پر مامور ہیں۔

تازہ ترین
تازہ ترین