کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاؤن میں فریدی کالونی کے قبرستان سے گزشتہ ماہ ایک شخص کی لاش بر آمد ہوئی تھی جس کے بعد علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے2 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق 21 فروری 2019 کو بلدیہ ٹاؤن کے علاقے آفریدی کالونی کے قبرستان سے ایک شخص کی لاش بر آمد ہوئی تھی جس کی شناخت رب نوازکے نام سے ہوئی تھی۔ رب نواز کو سر پر گولی مار کر ہلاک کیا گیا تھا۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پاکستان رینجرز (سندھ) نے تحقیقات کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دےدی جس نے قتل کے محرکات کا جائزہ لیتے ہو ئے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پرمدینہ کالونی کے علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے2 ملزمان شیر خان عرف شیخو اورظاہرحسین کو گرفتار کیا۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق مقتول رب نواز ملزم شیر خان عرف شیخو کا بہنوئی تھا،جس نے شیخو کی بہن کو اغوا ء کر کے شادی کی تھی۔ شیخو نے مقتول رب نواز سے بدلہ لینے کے لیے اپنے ساتھی کے ساتھ مل کر بلدیہ ٹاؤن کے علاقے آفریدی کالونی کے قبرستان میں رب نواز کو لے جا کر قتل کر دیا۔
ملزم شیر خان عرف شیخو نے مزید انکشاف کیا کہ وہ مقتول رب نواز کے بہنوئی آصف کو بھی قتل کرنا چاہتا تھا جس کی ریکی ملزمان نے پہلے سے کر رکھی تھی۔
گرفتار ملزمان ڈکیتی، قتل ، اقدام قتل اور پولیس مقابلے جیسی متعد وارداتوں میں ملوث پائے گئے ہیں ۔ ملزمان کے قبضے سے غیر قانونی اسلحہ اور ایمونیشن بر آمد کرلیا گیا ہے اورتمام ملزمان کو قانونی چارہ جوئی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔