• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ایس ایل کے ایک میچ میں پشاور زلمی نے کراچی کنگز کو 61رنز سے شکست دے کر پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن حاصل کرلی۔

پہلا کوالیفائر پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان 13 مارچ کو ہوگا جبکہ پہلے ایلیمنیٹر میں اسلام آباد یونائیٹڈ اور کراچی کنگز کی ٹیمیں 14 مارچ کو مدمقابل ہوں گی۔

ہدف کے تعاقب میں کراچی کنگز کی اننگز کا آغاز اچھا نہ رہا، صرف تین کے مجموعی اسکور پر کولن مونرو بغیر کھاتہ کھولے حسن علی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔

کراچی کنگز کی دوسری وکٹ بھی جلد ہی گرگئی، بابراعظم 13 رنز بناکر سمین گل کی گیند پر وہاب ریاض کو کیچ دے بیٹھے۔

22رنز پر لیونگ اسٹون 6رنز کی اننگز کھیل کر پویلین لوٹ گئے۔

انگرام اور ڈنک نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 43 رنز بناکر ٹیم کا اسکور 65 تک پہنچایا لیکن اس موقع پر ڈنک 6 کے اسکور پر وہاب ریاض کی گیند پر کامران اکمل کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔

افتخار احمد کو 4 رنز پر سمین گل نے ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا۔

کراچی کنگز کی جیت کی امیدیں اُس وقت ماند پڑگئیں جب دھواں دار بیٹنگ کرنے والے کولن انگرام کو وہاب ریاض نے پویلین کی راہ دکھادی۔

انگرام 37گیندوں پر چار چھکوں اور سات چوکوں کی مدد سے 71رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

نئے بیٹسمین سہیل خان حسن علی کی گیند کو گراؤنڈ سے باہر پھینکنے کی کوشش میں ڈاؤسن کو کیچ دے بیٹھے جبکہ محمد عامر پہلی ہی گیند پر وہاب ریاض کا شکار ہوگئے۔

کپتان عماد وسیم نے بھرپور کوشش کی لیکن وہ بھی ٹیم کو فتح سے ہمکنار نہ کراسکے اور 30رنز پر حسن علی کو وکٹ دے بیٹھے، اگلی ہی گیند پر عمر خان رن آؤٹ ہوگئے۔

یوں کراچی کنگز کی ٹیم 16اعشاریہ 2اوورز میں 142 رنز پر آؤٹ ہوگئی اور پشاور زلمی نے 61 رنز سے میچ اپنے نام کرلیا۔

اس میچ کے ساتھ ہی پوائنٹس ٹیبل پر ٹیموں کی حتمی پوزیشن بھی سامنے آگئی ہے، پشاور زلمی پہلے، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز دوسرے، اسلام آباد یونائیٹڈ تیسرے اور کراچی کنگز چوتھے نمبر پر ہے۔

حسن علی نے تین جبکہ سمین گل، ملز اور وہاب ریاض نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

پشاور زلمی کی جانب سے 204رنز کا ہدف

اس سے قبل پشاور زلمی نے کراچی کنگز کو جیت کے لئے 204 کا ہدف دیا۔

پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پشاور زلمی کے اوپنر کامران اکمل اور امام الحق نے شاندار آغاز فراہم کیا اور دھواں دار بیٹنگ کرتے ہوئے پہلی وکٹ کی شراکت میں 137 رنز بنائے۔

کامران اکمل 48 گیندوں پر 5 چھکوں اور 10 چوکوں کی مدد سے 86رنز کی برق رفتار اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔

پولارڈ نے تیزرفتاری سے اننگز کا آغاز کیا لیکن تین گیندوں پر 2 چھکوں کی مدد سے 12 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔

نئے بیٹسمین ڈاؤسن کو محمد عامر نے 9 رنز پر پویلین کی راہ دکھائی، اس اوور میں امام الحق بھی عامر کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے، وہ 40 گیندوں پر 59 رنز بناکر پویلین لوٹے۔

ڈیرین سیمی کی وکٹ بھی محمد عامر کے حصے میں آئی، وہ صرف پانچ رنز بناسکے۔

وہاب خان 11 اور حسن علی 1 رن بناکر آؤٹ ہوئے۔ اس طرح پشاور زلمی کی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 203 رنز بنائے۔

محمد عامر نے تین، کولن مونرو نے دو اور عثمان شنواری نے ایک وکٹ حاصل کی۔

تازہ ترین