• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ترمیمی فنانس بل نافذ، صدر کی منظوری کے بعد نوٹیفکیشن جاری

ترمیمی فنانس بل منظور نافذ ہو گیا،صدر مملکت عارف علوی کی منظوری کے بعد ایف بی آر نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا، لگژری گاڑیوں اور اسمارٹ موبائل فونز پر ڈیوٹی کی شرح میں اضافہ، نان فائلرز کو گاڑیاں خریدنے کی اجازت مل گئی۔

فائلرز کو اپنے چھوٹے کاروبار کو وسعت دینے کے لیے متعدد مراعات ملیں گی، فائلرز کے لیے بینک سے رقم نکلوانے پر ود ہولڈنگ ٹیکس مکمل ختم کر دیا گیا ، ترسیلات زر کی وصولی پر نان فائلرز کو بھی ود ہولڈنگ ٹیکس کی چھوٹ دے دی گئی۔

ترمیمی فنانس بل میں بطورخام مال استعمال ہونے والی 53اشیا پر کسٹم ڈیوٹی ختم کردی گئی جو 5 سے 6 فیصد تھی، خام مال کی 220درآمدی اشیاء پر عائد5فیصد اضافی کسٹم ڈیوٹی کم کرکے 3فیصد کر دی گئی۔

ٹیکسٹائل، پلاسٹک، چمڑے ، شمسی توانائی، الیکٹرانکس، فارماسیوٹیکل اور دیگرشعبوں میں استعمال ہونے والی 83اشیا پر عائدریگولیٹری ڈیوٹی بھی ختم کر دی گئی، برآمدی صنعت کو 6ارب 80کروڑڈالرکاریلیف ملے گا۔

نیوزپرنٹ پرعائد5فیصدکسٹم ڈیوٹی بھی ختم کر دی گئی۔

کینسرکے علاج کے دوران بڑی آنت کے ساتھ منسلک کیے جانے والے بیگ کی درآمدپرڈیوٹی اور ٹیکس بھی ختم، ہرمریض کو ہفتہ وار 1500روپے کاریلیف ملے گا۔ سستاگھراسکیم،زرعی قرضے، چھوٹی اور درمیانے درجے کی صنعتوں کو قرضے فراہم کرنے والے بینکوں کے لیے انکم ٹیکس 35فیصدسے کم کرکے20فیصد کردیا گیا۔

فائلرز کو بینک سے پیسے نکلوانے پرودہولڈنگ ٹیکس کی مکمل چھوٹ دے دی گئی، بیرون ملک سے ترسیلات زر وصول کرنے والے نان فائلرز کو بھی ودہولڈنگ ٹیکس نہیں دینا پڑے گا۔

نان فائلرز پر گاڑی خریدنے پر پابندی ہٹادی گئی ہے تاہم ودہولڈنگ ٹیکس دگنا کردیا گیا ہے۔ 1800سی سی سے 3000سی سی تک کی گاڑیوں کی درآمد پرفیڈرل ایکسائزڈیوٹی 15فیصد سے بڑھاکر 25فیصداور3000سی سی سے زائدکی گاڑیوں پر 30فیصد کر دی گئی۔

1800سی سی تک کی مقامی تیارہونے والی گاڑیوں پر بھی 10فیصدفیڈرل ایکسائزڈیوٹی عائدکی گئی ہے،کمپنیوں کے منافع تقسیم نہ کرنے اوردوبارہ سرمایہ کاری پرعائدایڈوانس ٹیکس ختم کردیا گیا جس کاایف بی آرکاسالانہ50کروڑ روپے کانقصان ہوگا۔

اسٹاک ایکسچینج کے ممبرز پر عائد ایڈوانس ٹیکس بھی ختم کردیاگیا،جس کاایف بی آرکوسالانہ3کروڑ روپے نقصان ہوگا،اسٹاک ایکسچینج میں کاروبارکرنے والی کمپنیوں کو 3 سال تک خسارہ کیری فارورڈ کرنے اوربروکرز پر عائدکیپٹل گین ٹیکس ختم کر دیا گیا۔

علاوہ ازیں پی ایس ایل سمیت کھیلوں کے مقابلوں کی فرنچائر پر عائد ٹیکس بھی ختم کردیا گیا۔  

تازہ ترین