• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قرآن کے موتی (قرآنِ کریم کے مضامین و موضوعات کا مختصر انتخاب)

مؤلّف:ہومیوڈاکٹر سہیل احمد خان

صفحات: 288،

قیمت:درج نہیں

کتاب ملنے کا پتا:مکان نمبر 801، بلاک 15، دستگیر سوسائٹی، فیڈرل بی ایریا، کراچی

پیشِ نظر کتاب ’’قرآن کے موتی‘‘کتابِ مبین، قرآن حکیم کے علوم و معارف، معانی و مطالب اور مضامین و موضوعات کا دِل کش مجموعہ ہے، جسے کتاب کے مؤلف، ڈاکٹر سہیل احمد خان نے مرتّب و مدوّن کیا ہے۔بلاشبہ، یہ ایک پُرخلوص علمی کاوش ہے،جو انہوں نے قرآنِ کریم کی متعدد تفاسیر و تراجم کے مطالعے اور بَھرپور استفادے کے بعد تالیف کی ہے۔قرآنِ کریم کے مضامین و موضوعات کا یہ مجموعہ محض قرآنی تعلیمات کے ابلاغ،اس کے پیغامِ ہدایت کو عام کرنے، اس کے نورِ بصیرت اور افکار و تعلیمات کی ترویج و اشاعت کی ایک مخلصانہ اور درد مندانہ کوشش ہے۔بقول مؤلف انہوں نے قرآنِ مبین کے مطالعے کے بعد قرآن کے چند موتی نکال کر علیحدہ کیے ہیں، تاکہ قارئین میں شوق پیدا ہو اور وہ قرآنِ کریم کو پڑھنے، سمجھنے اور عمل کی جانب راغب ہوں۔اسے کتابی صُورت میں شایع کرنے کا مقصد صرف یہ ہے کہ ایک مختصر کتاب میں اللہ عزّوجل کے احکام و تعلیمات اور قرآنی معلومات جمع کردی جائیں۔کتاب کے آغاز میں مفصّل ’’فہرستِ مضامین‘‘اس امر کی نشان دہی کرتی نظر آتی ہے کہ قرآن کے موتی میں’’سورۃ البقرہ‘‘ سے’’سورۃ النّاس‘‘ تک قرآن کی تمام سورتوں کے منتخب مضامین و موضوعات ،علوم و معارف اور احکام و تعلیمات کو اختصار و جامعیت کے ساتھ دِل نشین اور عام فہم اسلوب میں موتی کی صورت پروتے ہوئے ایک تسبیح کی شکل دے دی گئی ہے،جس کا ہر لفظ حکمت و دانائی کا سرچشمہ اور عبرت و بصیرت کا خزینہ ہے،گوکہ اس سے قبل قرآنِ کریم کے مضامین و موضوعات کے حوالے سے متعدد مفصّل و مختصر کتابیں، مضامینِ قرآن،اشاریۂ مضامینِ قرآن،خلاصۂ مضامینِ قرآن اور دیگر کئی ناموں سے شایع ہوچُکی ہیں، تاہم ’’قرآن کے موتی‘‘کا اسلوب و منہج ان کتابوں سے قدرے مختلف اور جداگانہ حیثیت کا حامل ہے۔بلاشبہ یہ ایک پُرخلوص علمی و دینی کاوش ہے، جس کا واحد مقصد قرآنِ کریم کا ابلاغ اور اس کی بے مثال تعلیمات کی ترویج و اشاعت ہے۔

تازہ ترین