• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جعلی اکاؤنٹس کیس، 2ملزمان کا جسمانی ریمانڈ منظور

جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں نیب نے کراچی سے گرفتار کیے گئے 2 ملزمان کو عدالت پیش کر دیا، عدالت نے ملزمان کا جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا۔

دونوں ملزمان کو احتساب عدالت کے جج محمد بشیر کے روبرو پیش کیا گیا، دورانِ سماعت نیب نے ملزمان عبدالجبار اور محمد شبیر کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی۔

نیب پراسیکیوٹر نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ دونوں ملزمان نے لینڈ یوٹیلائزیشن ڈپارٹمنٹ سے مل کر زمین کی غیر قانونی الاٹمنٹ کرائی۔

نیب پراسیکیوٹرنے یہ بھی کہا کہ جعلی اکاؤنٹس سے اس زمین کیلئے ادائیگیاں کی گئیں، دونوں ملزمان کو طلبی کے نوٹس جاری کیے تھے، ملزمان پیش نہیں ہوئے تو انہیں گرفتار کیا گیا۔

دونوں ملزمان کے جسمانی ریمانڈ کی نیب کی استدعا پر احتساب عدالت نے ملزمان محمد شبیر اور عبدالجبار کا 9 دن کا جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔

عدالت نے نیب کو آئندہ سماعت پر دونوں ملزمان کو ملزم آفتاب میمن کے ساتھ پیش کرنے کا حکم بھی دیا۔

ملزم عبدالجبار نے عدالت میں بیان دیا کہ میں جے آئی ٹی میں پیش ہوا تھا، جے آئی ٹی سے واپسی پر مجھے اغواء کرلیا گیا، میں ان کے ساتھ تعاون کرنے کیلئے تیار ہوں، تاہم میں اپنے خاندان سے 5 ماہ سے نہیں مل سکا، ان سے ملنے کی اجازت دی جائے۔

عدالت نے ملزمان کے سگے رشتے داروں سے ملوانے کا حکم دے دیا۔

تازہ ترین