• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکا، افغان طالبان کے مذاکرات کا پانچواں دور ختم

افغان طالبان اور امریکا کے درمیان قطر میں جاری امن مذاکرات کا پانچواں دور ختم ہوگیا۔

امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد کے مطابق طالبان سے میراتھن راؤنڈ کا مسودہ تیار ہوا ہے۔

زلمے خلیل زاد کے مطابق انسداد دہشت گردی،غیر ملکی افواج کے انخلا،افغانوں کے مابین مذاکرات اور جامع جنگ بندی جیسے 4 نکات میں سے 2نکات پر اتفاق ہوا ہے۔

امریکی نمائندہ خصوصی نے کہاکہ میراتھن راؤنڈ میں تیار کئے گئے مسودے میں4 میں سے 2 نکات انسداد دہشت گردی کی یقین دہانی اور غیر ملکی افواج کے انخلا پر اتفاق ہوا ہے۔

انہوں نے مزید کہاکہ افغان طالبان اور امریکا میں جب تک ہر چیز پر رضا مندی نہیں ہوجاتی کوئی معاہدہ حتمی نہیں ہوگا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری پروگرام میں زلمے خلیل زد نے کہا کہ امن معاہدے کو 4 چیزیں درکار ہیں، انسداد دہشتگردی کی یقین دہانی، افواج کاانخلا، افغانوں کے مابین مذاکرات اور جامع جنگ بندی، جنوری کے مذاکرات میں ان 4 نکات کے اصولوں پر بات کی تھی ، اب تیار ہونے والے ڈرافٹ میں ان میں سے پہلے 2 نکات پر اتفاق ہوا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ افواج کے انخلا اور انسداد دہشت گردی نکات پر مکمل منظوری کے بعد طالبان اور دوسرے افغان اور افغان حکومت کے مابین مذاکرات شروع ہوں گے، جس میں سیاسی مفاہمت اور جامع جنگ بندی پر بات ہوگی۔

زلمے خلیل زاد نے یہ بھی کہا کہ میرا اگلا قدم واشنگٹن میں امریکی صدر ٹرمپ سمیت دیگر حکام سے ملاقات اور مشاورت ہے،جس کے بعد ہم دوبارہ بھی ملیں گے۔

تازہ ترین