• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکا کے معروف اسلامک سینٹر بینۃ کی ڈپٹی چیف ایگزیکٹیو اور معروف اسلامک اسکالر نعمان علی خان کی بڑی بہن صائمہ خان کینسر کے مرض کے باعث آج ہیوسٹن میں انتقال کر گئیں۔

مرحومہ صائمہ خان کے والد کوثر علی خان نے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صائمہ خان دماغ کے کینسر میں مبتلا تھیں تاہم اس کا پتہ چار ماہ قبل ہی ہوا تھا، جب وہ مسلسل سردرد کے باعث اسپتال میں داخل ہوئیں۔

انہوں نے بتایا کہ دماغی کینسر کا پتہ چلنے کے بعد صائمہ خان کا علاج ہیوسٹن میں واقع کینسر کے بڑے اسپتال اینڈریسن سے کرایا گیا لیکن اس دوران کینسر ان کے پورے جسم کا احاطہ کرچکا تھا اور باوجو ڈاکٹروں کی مسلسل کوششوں کے وہ کل اپنی زندگی کی بازی ہار گئیں۔

مرحومہ کے انتقال کی خبر جنگل میں آگ کی طرح مقامی کمیونٹی سمیت دنیا بھر میں پھیل گئی جہاں سے بذریعہ فون تعزیتوں کا سلسلہ شروع ہو گیا۔

مرحومہ صائمہ خان نے سوگواران میں شوہر سید فواد علی، 2 بچیاں 12 سالہ زہرہ علی، 4 سالہ حبا علی کو سوگوار چھوڑا ہے۔

صائمہ خان 2015ء میں اپنے بھائی نعمان علی خان کے ہمراہ اسلام کی ترقی، ترویج اور تبلیغ کیلئے دیگر مصروفیات ترک کرکے اسلامی تبلیغی ادارے بینۃ سے وابستہ ہوئی تھیں اور اپنی آخری سانسوں تک اس ادارے کیلئے کام کرتی رہیں۔

وہ ڈیلس کمیونٹی میں بھی انتہائی متحرک خوش اخلاق خاتون تھیں، امریکا سے بزنس اینڈ ایڈمنسٹریشن میں تعلیم کے بعد وہ کئی اداروں سے وابستہ رہیں مگر 2015ء کے بعد بینۃ سے ہی وابستہ ہوگئیں اور اسلام کی تبلیغ میں اپنے بھائی کے شانہ بشانہ ہر موقع پر ان کے ساتھ موجود رہیں۔

واضح رہے کہ رائیل اسلامک اسٹریجک اسٹیڈی سینٹر آف مصر نے مرحومہ کے بھائی اسلامک اسکالر نعمان خان کا شمار اُن 500 مؤثر مسلمان رہنماؤں میں کیا تھا جن کے دنیا بھر میں کئی ملین فالور موجود ہیں اور وہ ان پر اثر انداز ہیں۔

دوسری جانب مرحومہ صائمہ خان کی نماز جنازہ ڈیلس کے شہر ارونگ کی مسجد اسلامک سینٹر آف ارونگ میں بروز بدھ 13 مارچ کو بعد نماز ظہر، دوپہر ڈیڑھ بجے ادا کی جائے گی، جبکہ تدفین آرلنگٹن میں واقع مسلمانوں کے قبرستان (مُور فیونلرل) ڈیوس ڈرائیو آرلنگٹن میں سہہ پہر تین بجے ادا کی جائے گی۔

دریں اثناء دنیا بھر سے مرحومہ کے اہل خانہ سے تعزیت کا سلسلہ جاری ہے جبکہ مسلم ڈیموکریٹک کاکس کے رہنماؤں سید فیاض حسن، امیر مکھانی، ڈاکٹرقیصر عباس ، ڈیلس پیس سینٹر کے صدر آفتاب صدیقی اور دیگر نے صائمہ خان کے انتقال پر گہرے رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مرحومہ امریکا میں اسلام کے فروغ اور ترویج میں اپنی مثال آپ تھیں اور ان کی خدمات کو کمیونٹی عرصہ دراز تک یاد رکھے گی۔

تازہ ترین