• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’پاکستان کا نام اسی طرح روشن کرتی رہونگی‘

پاکستانی ڈرامہ و فلم انڈسٹری کی نامور اداکارہ مہوش حیات کو تمغہ امتیاز سے نوازنے کا فیصلہ کیا گیا ہے،اس حوالے سے اُن کا کہنا ہے کہ وہ اسی طرح پاکستان کا نام آگے بھی روشن کرتی رہیں گی۔

پاکستان کی خوبرو اداکارہ مہوش حیات کوانڈسٹری میں قابلِ دید خدمات سر انجام دینے کے لیے رواں سال 23 مارچ کو صدر پاکستان عارف علوی کی جانب سےپاکستان کے چوتھے بڑے سول اعزاز تمغہ امتیاز دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔

ملک بھر سے اُن شخصیات کا نام اس ایوارڈ کے لیے چنا گیا ہے جنہوں نے پاکستان کی ترقی اور بہتری میں اہم کردار ادا کیا ہے.اُن 127 افراد کی فہرست میں مہوش حیات کا نام ہونے پر اُن کا کہنا تھا کہ’ یہ خبر سن کر میں بے حد خوش ہوں کہ صدر پاکستان نے مجھے اتنے بڑے سول اعزاز سے نوازنے کا فیصلہ کیا ہے۔‘

مہوش حیات نے کہا کہ اتنا بڑا سول اعزاز ملنے کا مطلب یہی ہے کہ میں یقیناً انڈسٹری میں کچھ اچھا کام ہی کررہی ہوں اورمجھے امید ہے کہ میں پاکستان کا نام آگے بھی اسی طرح روشن کرتی رہوںگی۔

اُنہوں نے مزیدکہا کہ میں نے بہت پہلے ہی یہ فیصلہ کرلیا تھا کہ میں صرف اپنے ملک میں ہی کام کروں گی اوراپنی انڈسٹری کو بہتر بناؤں گی اور آج مجھے اس بات پر فخر ہےکہ میں ایسا کرنے میں کامیاب رہی۔

مہوش حیات کاکہنا تھا کہ اس اعزازکی حقدار صرف وہ نہیں ہیں بلکہ وہ تمام ہدایت کار،پروڈیوسر،ساتھی اداکار،مصنف،میک اپ آرٹسٹ اورخاص کر اُن کے مداح بھی ہیں جنہوں نے اُن کو یہاں تک پہنچایا۔

انہوں نےمزید کہا کہ وہ یہ ایوارڈ اُن تمام لوگوں کے ساتھ بھی شیئر کریں گی جو اس کامیابی کے سفر میں اُن کے ساتھ تھے۔

واضح رہے کہ یوم پاکستان کے موقع پر صدر پاکستان عارف علوی، اداکارہ مہوش حیات کے علاوہ دیگر شخصیات کوبھی اس اعزاز سے نوازیں گےجن میں اداکارہ بابرہ شریف، ریما خان، شبیر جان، افتخار ٹھاکراور گلوکاروں میں عطااللہ خان عیسی خیلوی اور سجاد علی شامل ہیں۔

اس سے قبل گلوکار عطااللہ خان عیسی خیلوی اور سجاد علی کو ستارہ امتیاز سے بھی نوازا جاچکا ہے۔

تازہ ترین