• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ایس ایل فور کے پہلے کوالیفائر میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پشاور زلمی کو 10رنز سے شکست دے کر فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا، یہ تیسرا موقع ہے جب کوئٹہ نے فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔

187رنز کے ہدف کے تعاقب میں پشاور زلمی کے اوپنرز کامران اکمل اور امام الحق نے اچھا آغاز دیا اور 41 رنز بنائے، کامران اکمل 22 رنز بناکر امام الحق کا ساتھ چھوڑ گئے۔

مجموعی اسکور میں صرف 14 رنز کے اضافے پر نئے آنے والے بیٹسمین صہیب مقصود 7 رنز کی اننگز کھیل کر پویلین لوٹ گئے۔

کوئٹہ کے بولر فواد احمد کو اپنے اوور کی دوسری گیند کراتے بال چہرے پر لگنے کی وجہ سے میدان سے جانا پڑا، ان کا اوور مکمل کرنے کے لئے روسوؤ  آئے اور انہوں نے پہلی ہی گیند پر امام الحق کو کلین بولڈ کردیا۔

ڈاؤسن کو صرف 5 رنز پر احسن علی نے پویلین کی راہ دکھائی تو 90 کے مجموعی اسکور پر محمد حسنین نے مصباح الحق کو 18 رنز پر ایل بی ڈبلیو کردیا۔

مشکل صورتحال میں کپتان ڈیرن سیمی بیٹنگ کے لئے آئے اور پولارڈ کے ساتھ مل کر اسکور کو تیزی سے آگے بڑھایا اور دھواں دار بیٹنگ کرتے ہوئے چھٹی وکٹ کی شراکت میں 83 رنز بناکر ٹیم کو جیت کے قریب لے آئے۔

آخری اوور میں پشاور کو جیت کے لئے 21 رنز درکار تھے لیکن پولارڈ 44 رنز بناکر سیمی کا ساتھ چھوڑ گئے۔

اگلی ہی گیند پر ڈیرن سیمی 46 رنز کی برق رفتار اننگز کھیل کر رن آؤٹ ہوگئے۔

یوں پشاور کی ٹیم نے مقررہ بیس اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 176 رنز بنائے۔

محمد حسنین نے دو، جبکہ محمدنواز، روسوؤ، احسن علی اور واٹسن نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

جمعرات کو اسلام آباد اور کراچی کنگز کی ٹیمیں پہلے الیمینیٹر میں مدمقابل ہوں گی۔

کوئٹہ کا پشاور کو 187 رنز ہدف

پی ایس ایل فور کے پہلے کوالیفائر میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پشاور زلمی کو میچ جیتنے کے لئے 187رنز کا ہدف دیا ہے۔

پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے کوئٹہ کو ابتداء ہی میں نقصان اٹھانا پڑا، دوسرے ہی اوور میں ٹائمل ملز نے گذشتہ میچ میں 99 رنز بنانے والے احمد شہزاد کو صرف ایک رن پر کلین بولڈ کرکے پویلین کی راہ دکھادی تھی۔

نئے بیٹسمین احسن علی نے شین واٹسن کے ساتھ مل کر ٹیم کو سہارا دیا۔ اس دوران شین واٹسن نے اپنی نصف سنچری مکمل کی۔

واٹسن تیزی سے رنز بنانے کی کوشش میں 43 گیندوں پر6چھکوں اور 5چوکوں کی مدد سے 71رنز کی برق رفتار اننگز کھیل کر وہاب ریاض کی گیند پر کلین بولڈ ہوئے۔

دونوں بیٹسمینوں نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 122رنز کا اضافہ کیا۔

احسن علی 32گیندوں پر 46رنز بناکر سمین گل کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے، ان کی اننگز میں 2 چھکے اور 4 چوکے شامل تھے۔

روسوؤ لمی اننگز نہ کھیل سکے اور 11 رنز بناکر پولارڈ کا شکار بنے۔

اس موقع پر عمر اکمل اور کپتان سرفراز احمد نے رنز بنانے کی ذمہ سنبھالی لیکن لمبی شراکت نہ بناسکے اور عمر اکمل 22رنز بناکر سرفراز احمد کا ساتھ چھوڑ گئے۔

سرفراز احمد بھی صرف 12رنز بناسکے جبکہ براوو 12 اور محمد نواز 2رنز کے پر ناٹ آؤٹ رہے۔

یوں کوئٹہ نے مقررہ 20 اوورز میں 6وکٹوں کے نقصان پر 186رنز بنائے۔

پشاور زلمی کے وہاب ریاض نے 2، جبکہ حسن علی، ملز، سمین گل اور پولارڈ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

تازہ ترین