• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکن قونصل جنرل کا پی آئی اے ہیڈ آفس کا دورہ

امریکن قونصل جنرل کراچی جواین ویگنر نے آج کراچی میں واقع پی آئی اے ہیڈ آفس کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ایئر لائن کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ایئر مارشل ارشد ملک اورپی آئی اے ٹیم سے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔

پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ایئر مارشل ارشد ملک نے امریکی سفارتکاروں سے پی آئی اے کی نیویارک ، شکاگو اور ہیوسٹن کیلئے پاکستان سے نان اسٹاپ پروازوں کی اجازت کے حصول کے لئے کردار ادا کرنے کی درخواست کی۔

انہوں نے کہا کہ امریکا کے لئے روانہ ہونے والی پروازیں اگر کسی اور ملک کے ذریعے آپریٹ کی جائیں تو یہ پروازیں ایئر لائن کے لئے منافع بخش نہیں رہتیں۔ انہوں نے امریکی وفد کو پی آئی اے کے لئے نئے طیاروں کی خریداری کے متعلق بھی آگاہ کیا۔

ارشد ملک نے کہا کہ حال ہی میں ملک میں سیکورٹی کی صورتحال میں غیر معمولی بہتری آئی ہے جس پر دیگر ممالک اور بالخصوص غیر ملکی سیکورٹی ایجنسی جن میں یورپ اور کینیڈا شامل ہیں نے اپنے اطمینان کا اظہار کیاہے۔

انہوں نے کہا کہ پی آئی اے نے حال ہی میں ایاٹا آپریشن سیفٹی آڈٹ میں کامیابی بھی حاصل کی ہے، ایئر مارشل ارشد ملک نے کہا کہ اسلام آباد کے نئے ائر پورٹ کے افتتاح سے سیکورٹی کے معاملات کو حل کر لیا گیا ہے اور برٹش ائر ویز اور دوسری ائر لائن کی پروازوں کا آغاز اس کا ثبوت ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ نئی ایوی ایشن پالیسی میں تمام ائر لائنوں کو برابری کی سطح پر مواقع حاصل ہوں گے۔

امریکن قونصل جنرل محترمہ جواین ویگنر نے کہا کہ وہ پی آئی اے کو براہ راست پروازوں کی اجازت کے لئے متعلقہ شعبہ سے رابطوں میں ہر ممکنہ مدد فراہم کریں گی۔

انہوں نے کہا وہ دونوں ملکوں کے درمیان مزید بہتر تعلقات کی خواہاں ہیں خاص طور پر کاروبار ی شعبہ میں تعلقات کو فروغ دینا ان کی ترجیح ہے۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں میں اس شعبہ میں بہتری کی بہت زیادہ گنجائش موجود ہے۔ انہوں نے پی آئی اے میں خصوصی دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے ائر لائن کی کارکردگی کے بارے میں سوالات کئے۔

انہوں نے پی آئی اے انتظامیہ کی کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے پی آئی اے کو اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔ بعد ازاں ائیر مارشل ارشد ملک نے امریکی قونصل جنرل جو این ویگنر کو پی آئی اے کا سوینیئر پیش کیا۔

تازہ ترین