کراچی میں شہری کے گودام سے 48 ہزار لیٹر آئل اور ڈیزل چوری معاملے کے انکوائری افسر نے ایڈیشنل آئی جی کراچی کو رپورٹ پیش کردی، جس میں تین پولیس افسران کو چوری کا ذمہ دار ٹھرایا گیا ہے۔
شہری کے گودام سے آئل اور ڈیزل کی چوری کے معاملے کی تحقیقات کرنے والے افسر نعمان صدیقی نے اپنے رپورٹ میں کہا ہے کہ گودام سے تیل چوری میں دو ایس ایچ اوز اور اے ایس آئی ملوث ہیں، ایس ایچ او مبینہ ٹاؤن ابوحمیر، ایس ایچ او سائٹ سپر ہائی وے سلیم رند اور اے ایس آئی منظور علی نے آئل اور ڈیزل چوری کیا۔
انکوائری رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ چوری شدہ تیل کی مالیت تقریبا 45 لاکھ روپے بنتی ہے، رپورٹ میں سفارش کی گئی ہے کہ ایس ایچ او ابوحمیر غیر پیشہ وارانہ، نظم وضبط، بدعنوانی کی وجہ سے اہم سزا کے مستحق ہے جبکہ ایس ایچ او سلیم رند اور اے ایس آئی منظور علی کو مناسب سزا ملنی چاہیے۔
انکوائری افسر کی جانب سے 7 پولیس افسران و اہل کاروں کو بیان ریکارڈ کروانے کے لئے طلب کیا گیا تھا، شہری نورالحکیم کی درخواست پر ایڈیشنل آئی جی کراچی نے تحقیقات کا حکم دیا تھا، اب تک تیل چوری کے الزام میں ملوث افسران و اہل کاروں کے خلاف کوئی کارروائی عمل میں نہیں آس کی ہے۔