• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم عمران خان کی جانب سے پنجاب اسمبلی کے ارکان کی تنخواہوں میں اضافے کی مخالفت کے بعد وفاقی و پنجاب کے وزرائے اطلاعات نے یو ٹرن لے لیا۔

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری اور پنجاب کے وزیر اطلاعات سید صمصام علی شاہ بخاری نے اپنے بیانات میں پہلے پنجاب کے ارکان اسمبلی کی تنخواہوں میں اضافے کا خیر مقدم کیا تھا۔

فواد چودھری نے پنجاب اسمبلی کے ارکان کی تنخواہوں میں اضافے کے معاملے کی پہلے حمایت کی ، وزیراعظم کا بیان آتے ہی فیصلے کی مخالفت کردی۔

انہوں نے رنگ بدلتے ہوئے پنجاب کے وزیر اعلیٰ، وزراء اور ارکان اسمبلی کی تنخواہوں میں اضافے کے فیصلے کی مخالفت میں سوشل میڈیا پر بیان داغ دیا۔

فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ اور پنجاب اسمبلی کے خود کو نوازنے کے اقدامات وزیر اعظم اور وفاقی حکومت کی پالیسیز سے متصادم ہیں۔


انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ تحریک انصاف کی پالیسی کا صریحاً مذاق اڑایا گیا ہے، امید ہے اس پالیسی پر فوری نظرثانی کی جانی چاہئے۔

ادھر پنجاب کے صوبائی وزیر اطلاعات سید صمصام علی شاہ بخاری بھی یو ٹرن لینے والوں کی فہرست میں شامل ہوگئے، انہوں نے اپنے بیان پر 24 گھنٹے کے اندر ہی یو ٹرن لے لیا۔

گزشتہ روز صمصام بخاری نے تنخواہوں میں اضافے کے بل کو احسن اقدام اور ضرورت قرار دیا تھا تاہم وزیر اعظم کے ٹویٹ کے بعد انہوں نے بھی بل کی منظوری پر تحفظات کا اظہار کر دیا۔

صمصام بخاری نے یوٹرن لیتے ہوئے کہا ہے کہ میں بھی تنخواہوں میں اضافے کے خلاف تھا۔

تازہ ترین