• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مہنگائی کے اس دور میں کسی بھی انسان کے لیے ذاتی گھر کی تعمیرآسان کام نہیں ہے۔ ذاتی گھرکا خواب کسی اچھی جگہ پلاٹ کی خریداری کےذریعےمکمل نہیں ہوجاتا کیونکہ اصل امتحان اس خالی زمین پر قدم بہ قدم تعمیر کے مراحل طے کروانا ہے ۔ اکثر افراد بجٹ اور اچھا آرکیٹیکٹ نہ ملنے کے باعث گھر کی تعمیر کا کام کئی کئی سال شروع ہی نہیں کرپاتے۔ تاہم اس مرحلے پر منصوبہ بندی پہلی ضرورت ہے،اگر آپ اچھی منصوبہ بندی اور موجود وسائل کو منظم طریقے سے استعمال کریںتو ایک خوبصورت اور شاندار ذاتی گھر کا خواب بآسانی پورا کرسکتے ہیں، آئیے جانتے ہیںکیسے!

بجٹ کی منصوبہ بندی

گھر کی تعمیر کا پہلا مرحلہ بجٹ کی منصوبہ بندی کرنا ہے کہ بجٹ کتنا ہے؟ کتنی ادائیگی شروع میں کریں گے، کتنی کام کے دوران اور کتنی تعمیر مکمل ہونے پر، غرض یہ کہ بجٹ کا تعین آپ کے گھر کا ڈیزائن اور تعمیراتی مواد کرے گا۔اگر آپ ڈیزائننگ کے لیےپروفیشنل ڈیزائنر یا آرکیٹیکٹ کی خدمات حاصل کرتے ہیں تو ایک بڑے بجٹ کی منصوبہ بندی کرنے کے لیے تیار ہوجائیں۔ عوماً زیادہ تر لوگ آرکیٹیک کی خدمات حاصل کرنے کے بجائے ’سیلف بلڈر رُول‘ کے تحت گھر کی تعمیر شروع کردیتے ہیں لیکن دونوں مرحلوں میں بجٹ کےلیے حساس نقطہ نظر رکھنا ہوگا، کیونکہ گھر کی تعمیر کے دورا ن کون کون سے نئے اخراجات سامنے آتے ہیں، اس کا اندازہ لگانا قدرے مشکل ہے۔آرکیٹیکٹ کے بتائے ہوئے بجٹ سے تقریباً 10فیصد زیادہ رقم ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے آپ کے پاس ہونا لازمی ہے۔ تاہم اگر یہ اضافی بجٹ تعمیر کے بعد آپ کے پاس بچ جائے تو پھر اسے گھر کی فرنشنگ کے لیے استعمال کرسکتے ہیں۔

ڈیزائنر یا آرکیٹیکٹ کا انتخاب

ایک پروفیشنل ڈیزائنر یا آرکیٹیکٹ نہ صرف آپ کے خوابوں کو تعبیر دے سکتا ہے بلکہ دوران تعمیرآپ کے لیے ذہنی سکون کا باعث بھی ہوتاہے۔ ایسے ڈیزائنر کا انتخاب کریں، جن کے پاس پہلے سے گھر بنانے کا وسیع تجربہ ہو اور ان کے بنائے ہوئے گھروں میں لوگ مطمئن و مسرور ہوں۔ وسیع تجربے کی وجہ سے مٹیریل کے انتخاب میں بھی آرکیٹیکٹ کی سوجھ بوجھ بڑی مدد کرتی ہے۔

نقشہ سازی

تعمیر سے قبل نقشہ سازی کی اہمیت کو سمجھنا بھی بے حد ضروری ہے۔ چاہے آپ اپنے گھر کی تعمیر کے لیے کسی پیکج سپلائر(جو ایمانداری سے گھرڈیزائن کرکے اسے تعمیر کرے) کا انتخاب کریں ،کسی آرکیٹیکٹ کا یا پھر کسی ہاؤس ڈیزائنر کا، اس بات کا اطمینان کرلیں کہ منتخب کردہ فردآپ کی ضروریات اور بجٹ کا خیال کرتے ہوئےگھر کی تعمیر مکمل کرے گا۔ دوسری جانب دور جدید میںگھر کا ڈیزائن (نقشہ )کم سے کم پیچیدہ رکھنے کو ترجیح دیں درحقیقت، گھر کا نقشہ جتنا غیر پیچیدہ ہو گا، اتنا ہی اس کا تعمیراتی عمل آسان ہو گا اوراس طرح غیر ضروری اخراجات سے بھی بچا جاسکتا ہے۔

مٹیریل

آرکیٹیکٹ اور نقشہ سازی کے انتخاب کے بعد جو چیز سب سے زیادہ اہمیت رکھتی ہے، وہ تعمیراتی مواد یا مٹیریل کا استعمال ہے۔ چاہے اس کا انتخاب آپ خود کریں یا آپ کا آرکیٹیکٹ، مواد کاسستا ہونا ہی نہیں بلکہ اس کا معیار اچھا ہونا بھی ضروری ہے۔ تعمیراتی مواد اچھا ہوگا تو مستقبل میں آپ کو گھر کی مرمت پر پیسے لگانے کی ضرورت نہیں پڑے گی ۔سستے مواد کی صورت میںکہیں ایسا نہ ہوکہ ابھی تو آپ کچھ پیسے بچالیں مگر چند سال بعد چھتیں ٹپکتی ہوئی محسوس ہوں اور پھر ان کی مرمت پر پیسہ خرچ کرنا پڑے۔

انسولیشن

آپ کا پلاٹ چاہے جس علاقے میں بھی ہو، تعمیر سے قبل انسولیشن کا خیال رکھنا بھی اہم ہے۔اس مقصد کی خاطرگھر کے مختلف حصوں مثلاً گھر کے بیرونی حصے، چھت وغیرہ پرمختلف قسم کے واٹر پروف مٹیریل اور گرمی سے بچاؤ کے لیے مواد لگوایا جائے تاکہ گھر کے اندر کا درجہ حرارت کنٹرول کیا جا سکے۔چھت کے لیےواٹر پروفنگ مواد استعمال کیاجاتا ہے تاکہ نہ صرف گرمی کو روکا جاسکے بلکہ سارے گھر کو نمی اور بارش کے پانی کی وجہ سے سیلن سے بھی بچایا جا سکے۔

روشنی کا مناسب انتظام

گھر کی تعمیر میں کھڑکیوں او اسکائی لائٹس کو خاص اہمیت حاصل ہے۔ ان کی موجودگی گھر میں ایک مختلف قسم کا احساس پیدا کرتی ہے۔ یہ گھر میں سورج کی روشنی، ہوا اور باہر کے نظارے کے ساتھ ایک خوشنما احساس پیدا کرتی ہے لیکن اس کیلئے بھی اعلیٰ معیار کے شیشوں کا انتخاب ضروری ہے۔

انرجی ایفیشنٹ

اگر آپ گھر کی تعمیر کے بعد پرسکون زندگی گزارنا چاہتے ہیں تو دوران تعمیر توانائی کی بچت پر غور کریں۔ گھر کی تعمیر کے لیے توانائی کے ایسے متبادل کا انتخاب کریں، جو آپ کی جیب اور ماحول پر گراںنہ گزرے۔ اس مقصد کے لیےسولر ٹائل،سولر پینل ،ایل ای ڈی لائٹس اور سولر واٹر ہیٹر کا استعمال کیا جاتا ہے۔ اس سلسلے میں اگر آپ کا بجٹ اجازت دے توگرین ڈیزائن آرکیٹیکٹ ہائر کیے جاسکتے ہیں، یہ آرکیٹیکٹ ماحول دوست اور توانائی کی بچت والے آرکیٹیکچرل ڈیزائن تیار کرتے ہیں۔

تازہ ترین